Live Updates

رات گئے پولیس کی بھاری نفری عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ پہنچ گئی

پولیس نفری کے ہمراہ قیدیوں کی وین بھی موجود، پولیس کی جانب سے بنی گالہ کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا گیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 21 مئی 2022 03:55

رات گئے پولیس کی بھاری نفری عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ پہنچ گئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2022ء) رات گئے پولیس کی بھاری نفری عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق رات گئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ آمد ہوئی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق بنی گالہ آمد پر پولیس نفری کے ہمراہ قیدیوں کی وین بھی موجود تھی۔

پولیس کی جانب سے بنی گالہ کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ اس دوران وہاں موجود تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔ اس تمام صورتحال میں تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور بھی بنی گالہ پہنچ گئے۔ اسلام آباد پولیس نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو لاحق سیکورٹی خدشات کے باعث بنی گالہ کے اطراف میں سرچ آپریشن کے مقصد سے آئے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری قیدیوں کی وین کے ہمراہ واپس روانہ ہو گئی۔ اس دوران کسی قسم کا کوئی تصادم نہیں ہوا۔ جبکہ مزید بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی اس کاروائی کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان بنی گالہ میں موجود نہیں تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف جمعہ کی رات کو ملتان جلسے میں شرکت کے بعد اسلام آباد جانے کی بجائے پشاور چلے گئے تھے۔

دوسری جانب کراچی پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان محسود کے گھر پر بھی رات گئے چھاپہ مارا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ پولیس اہلکار بنا اجازت پی ٹی آئی ایم این اے کے گھر میں داخل ہوئے اور پوچھ گچھ کی۔ جبکہ سماء نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کا تھریٹ جاری کر دیا گیا، خدشے کے باعث عمران خان کی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، سیکیورٹی حکام نے عمران خان کے چیف آف سٹاف شہبازگل کو آگاہ کردیا ہے۔ یاد رہے عمران خان پر پہلے بھی متعدد بار حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات