Live Updates

کراچی پولیس کی جانب سے ایم این اے عالمگیر خان کے گھر پر چھاپہ

پولیس اہلکار بنا اجازت تحریک انصاف کے ایم این اے کے گھر میں داخل ہوئے، سیکورٹی گارڈز اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 21 مئی 2022 04:04

کراچی پولیس کی جانب سے ایم این اے عالمگیر خان کے گھر پر چھاپہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 مئی2022ء) کراچی پولیس کی جانب سے ایم این اے عالمگیر خان کے گھر پر چھاپہ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیے جانے سے قبل اسلام آباد اور کراچی کی پولیس کی جانب سے رات گئے کاروائیاں کی گئی ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق رات گئے کراچی پولیس کے اہلکاروں کی جانب سے تحریک انصاف کے ایم این اے عالمگیر خان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا گیا۔

پولیس اہلکار بنا اجازت پی ٹی آئی رہنما کے گھر میں داخل ہوئے اور سیکورٹی گارڈز اور اہل خانہ سے پوچھ گچھ کی گئی۔ دوسری جانب رات گئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی رہائش گاہ بنی گالہ آمد ہوئی۔

(جاری ہے)

اے آر وائی نیوز کے مطابق بنی گالہ آمد پر پولیس نفری کے ہمراہ قیدیوں کی وین بھی موجود تھی۔ پولیس کی جانب سے بنی گالہ کے اطراف میں سرچ آپریشن کیا گیا جبکہ اس دوران وہاں موجود تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے شدید نعرے بازی بھی کی گئی۔

اس تمام صورتحال میں تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور بھی بنی گالہ پہنچ گئے۔ اسلام آباد پولیس نے موقف اختیار کیا کہ عمران خان کو لاحق سیکورٹی خدشات کے باعث بنی گالہ کے اطراف میں سرچ آپریشن کے مقصد سے آئے۔ بعد ازاں اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری قیدیوں کی وین کے ہمراہ واپس روانہ ہو گئی۔ اس دوران کسی قسم کا کوئی تصادم نہیں ہوا۔

جبکہ مزید بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد پولیس کی اس کاروائی کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان بنی گالہ میں موجود نہیں تھے۔ چیئرمین تحریک انصاف جمعہ کی رات کو ملتان جلسے میں شرکت کے بعد اسلام آباد جانے کی بجائے پشاور چلے گئے تھے۔ واضح رہے کہ سماء نیوز کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان پر حملے کا تھریٹ جاری کر دیا گیا، خدشے کے باعث عمران خان کی سیکورٹی مزید سخت کردی گئی ہے، سیکیورٹی حکام نے عمران خان کے چیف آف سٹاف شہبازگل کو آگاہ کردیا ہے۔ یاد رہے عمران خان پر پہلے بھی متعدد بار حملے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات