Live Updates

پنجاب اسمبلی کے 25منحرف اراکین کی نااہلی کے بعد پنجاب میں سیاسی ہلچل‘ رات گئے تک فریقین کی اپنے قانونی وآئینی ماہرین سے مشاورت

پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ایوان میں اپنی اکثریت دوبارہ شو کرنا پڑے گی‘گورنر کی غیرموجودگی میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صدر اقدام اٹھا سکتے ہیں .لاہور ہائی کورٹ سابق جج شاہ خاورکی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 21 مئی 2022 00:51

پنجاب اسمبلی کے 25منحرف اراکین کی نااہلی کے بعد پنجاب میں سیاسی ہلچل‘ ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-ا نٹرنیشنل پریس ایجنسی۔21 مئی ۔2022 ) الیکشن کمیشن کی جانب سے پنجاب اسمبلی کے 25منحرف اراکین کو نااہل قراردینے کے بعد پنجاب میں سیاسی ہلچل جاری ہے اور رات گئے تک فریقین اپنے قانونی وآئینی ماہرین سے مشاورت کرتے رہے . منحرف اراکین کی جانب سے اطلاع سامنے آئی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کو چیلنج کرنے جارہے جس کے لیے انہیں مسلم لیگ (ن)مکمل سپورٹ فراہم کرئے گی تاہم پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے 25 منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد صوبے کی سیاست نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے .

(جاری ہے)

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے تحریک انصاف کو تقویت ملی ہے جب کہ مسلم لیگ (ن) کو ایک طرح سے دھچکہ لگا ہے جس سے حمزہ شہباز کی وزارتِ اعلی پر بھی سوالیہ نشان لگ گئے ہیں جسے تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق)تسلیم نہیں کرتے کیونکہ ان کے نزدیک وزیراعلی کا انتخاب ہوا ہی نہیں تو حمزہ شہبازوزیراعلی کیسے بن گئے؟اس سلسلہ میں انہوں نے عدالت بھی رجوع کررکھا ہے.

الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد پنجاب اسمبلی میں نمبر گیم بھی بہت دلچسپ ہو گئی ہے جس سے آزاد ارکان اور سینئر سیاست دان چوہدری نثار علی خان کا ووٹ بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے سیاسی ماہرین کہتے ہیں کہ موجودہ صورتِ حال میں پنجاب میں قائد ایوان کا انتخاب دوبارہ ہو گا چوہدری پرویزالہی کے قریبی ذرائع کا دعوی ہے ان کی نمبر گیم پوری ہے . ممتاز قانون دان اور لاہور ہائی کورٹ کے سابق جج شاہ خاور نے نجی ٹی وی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کو ایوان میں اپنی اکثریت دوبارہ شو کرنا پڑے گی سابق جج شاہ خاور نے کہا کہ پنجاب میں اس وقت بڑی دلچسپ صورتحال ہے.

انہوں نے کہا کہ گورنر بیمار ہو یا باہر ہو تو اسپیکر صوبائی اسمبلی قائم مقام گورنر بنتا ہے لیکن کیا اسپیکر قائم مقام گورنر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھا لیں گے؟ایک سوال پر معروف قانون دان نے کہا کہ پنجاب میں درپیش صورتحال سے نمٹنے کے لیے آئین کے آرٹیکل 101 کے سب آرٹیکل 5 میں واضح طور پر راستہ دیا گیا ہے ممتاز قانون دان شاہ خاور نے واضح طور پر کہا کہ گورنر کی غیرموجودگی میں ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کیلئے صدر اقدام اٹھا سکتے ہیں.

سینئر صحافی اور تجزیہ کار افتخار احمد کہتے ہیں اگر ان نشستوں پر دوبارہ الیکشن ہوتے ہیں تو تحریکِ انصاف ضمنی الیکشن کی طرف نہیں جائے گی بلکہ وہ پورے ملک میں انتخابات کے مطالبے کو دہرائے گی سینئر صحافی اور تجزیہ کار سلمان غنی سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے موقع پرستی کا سدِ باب ہوتا نظر آ رہا ہے لیکن اگر کسی جماعت کا قائد اپنی جماعت کے ارکان اسمبلی کو پارٹی پالیسی سے روکنا چاہتا ہے تو وہ لیڈر خود بھی بڑے فیصلے کرے.

پنجاب اسمبلی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سلمان غنی نے کہا کہ منحرف اراکین کے پاس ایک موقع ہے کہ وہ عدالت عظمی میں فیصلے کے خلاف اپیل کریں جہاں90 روز میں فیصلہ ہو گا مگر الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد عدالت کا فیصلہ آنے تک یہ 25اراکین نااہل ہی رہیں گے . سینئر صحافی اور تجزیہ کار سہیل وڑائچ سمجھتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے بے یقینی مزید بڑھ گئی ہے لیکن لگتا ہے کہ حمزہ شہباز کی حکومت برقرار رہے گی دوسرے مرحلے میں بھی ان کے بطور قائد ایوان منتخب ہونے کاامکان زیادہ ہے یوں دکھائی دیتا ہے کہ حمزہ شہباز کے پاس اکثریت زیادہ ہے لیکن سوال یہ ہے کہ اِس طرح کی صورت حال میں نہ استحکام ہو سکتا ہے اور نہ ہی کوئی سیاسی فیصلے لیے جا سکتے ہیں جس سے صوبہ ایک طرح سے عدم استحکام کی طرف جا رہا ہے.

سلمان غنی کہتے ہیں کہ ملک میں جاری سیاسی افراتفری اور آئینی بحران اس بات کا متقاضی ہے کہ جلد بڑے فیصلے کر لیے جائیں تاکہ ملک میں جاری بے یقینی کی فضا ختم ہو تحریک انصاف کے 25 منحرف اراکین پنجاب اسمبلی نے پارٹی پالیسی کے برخلاف حمزہ شہباز شریف کو ووٹ دیا تھا.
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات