فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ اتوارسے فرانس میں شروع ہوگا، نوویک جوکووچ مردوں کے سنگلز مقابلوں میں اعزاز کا دفاع کریں گے،ایونٹ کی تیاریاں مکمل

ہفتہ 21 مئی 2022 09:00

پیرس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2022ء) رواں برس کے دوسرے بڑے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 126 واں ایڈیشن کل( اتوار سے )فرانس کے دارالحکومت پیرس میں شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کی انتظامیہ کے مطابق کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلیں گئیں ہیں ۔ میگا ایونٹ کلے کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے ۔

میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز ، جونیئر اور وہیل چیئر سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔ سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ میگا ایونٹ کے مردوں کے سنگلز مقابلوں میں اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے ۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں جمہوریہ چیک کی باربورہ کریجیکووا اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی، اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں پیری ہیوز ہربرٹ اور نکولس مہوٹ پر مشتمل فرانسیسی جوڑی اپنے اعزاز کی بقا کے لئے کوشاں ہوگی جبکہ ویمنز ڈبلز مقابلوں میں باربورا کریجیکووا اور کترینا سینیاکووا پر مشتمل جمہوریہ چیک کی جوڑی اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔

(جاری ہے)

رواں سال کا دوسرا میگا ایونٹ 22 مئی سے شروع ہوکر 5جون کو اختتام پذیر ہوگا۔ایونٹ کے سنگلز مقابلوں کے فاتح کھلاڑی 22 لاکھ یوروکی انعامی رقم کے حقدار ٹھہریں گے۔ٹورنامنٹ فرانس کے دارلحکومت پیرس کے رولینڈ گیروس سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :