پاک چین دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں نمایاں اضافہ

ہفتہ 21 مئی 2022 14:54

پاک چین  دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں  نمایاں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2022ء) پاکستان اورچین کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈکیاگیاہے، جاری مالی سال میں چین کو پاکستانی برآمدات میں 42.72 فیصد اورچین سے درآمدات میں 39.27 فیصدکی نموہوئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے لیکراپریل 2022 تک کی مدت میں چین کو2.342 ارب ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 42.72 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں چین کوپاکستان کی برآمدات کاحجم 1.641 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔

اعدادوشمارکے مطابق اپریل 2022 میں چین کو215.74 ملین ڈالرکی برآمدات ریکارڈکی گئیں جو گزشتہ سال اپریل میں 235.39 ملین ڈالرتھیں، مالی سال 2021 میں چین کو برآمدات سے ملک کو2.043 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواتھا۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 10ماہ میں چین سے درآمدات میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 39.27 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔جولائی سے لیکراپریل 2022 تک کی مدت میں چین سے درآمدات پر14.36 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواجوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 10.31 ارب ڈالرتھا۔اپریل 2022 میں چین سے 1.336 ارب ڈالرکی درآمدات ریکارڈکی گئی جوگزشتہ سال اپریل میں 1.240 ارب ڈالرتھیں۔ مالی سال2021 میں چین سے درآمدات پر13.30 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہواتھا۔\395

متعلقہ عنوان :