روبیل کرنسی میں ادائیگی تک روس نے فن لینڈ کو گیس کی فراہمی روک دی

ہفتہ 21 مئی 2022 15:30

روبیل کرنسی میں ادائیگی تک روس نے فن لینڈ کو گیس کی فراہمی روک دی
ہیلنسکی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2022ء) فن لینڈ میں گیس سسٹم آپریٹنگ کمپنی کے اعلان میں کہاگیا ہے کہ روسی کمپنی گیس بروم نے ہفتے کے روز فن لینڈ کے لیے گیس کی برآمد روک دی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق گیس فریڈ فن لینڈ نامی کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ایماٹرا انٹری پوائنٹ کے راستے گیس کی درآمد کا سلسلہ موقوف ہو چکا ہے۔ایماٹرا فن لینڈ میں روسی گیس کے داخلے کا پوائنٹ ہے۔

(جاری ہے)

روسی کمپنی گیس بروم یورپی ممالک سے مطالبہ کر رہی ہے کہ وہ روسی گیس حاصل کرنے کے مقابل ادائیگی روسی کرنسی (روبیل)میں کریں اس لیے کہ یوکرین پر حملے کے سبب روس پر پابندیاں عائد ہو گئیں تاہم فن لینڈ اس مطالبے کو مسترد کر چکا ہے۔واضح رہے کہ روسی صدر ولادی میر پوتین نے مارچ کے اواخر میں ایک آرڈیننس پر دستخط کیے تھے۔ اس کے تحت روس کے غیر دوست ممالک سے روسی گیس خریدنے والوں کے لیے ادائیگی کا ایک نیا نظام مقرر کیا گیا ہے۔ ان ممالک میں یورپی یونین کے ممالک بھی شامل ہیں۔آرڈیننس کے تحت غیر دوست ممالک کی یورپی کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ گیس بروم بینک میں دو کھاتے کھولیں۔ ان میں ایک یورو میں اور دوسرا روبیل میں ہو گا۔