مہنگائی کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا، ایک ہفتے کے دوران 28 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں

صرف 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح تقریباً ڈیڑھ فیصد کے بڑے اضافے سے ساڑھے 16 فیصد سے تجاوز کر گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 21 مئی 2022 23:48

مہنگائی کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا، ایک ہفتے کے دوران 28 اشیاء مزید ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2022ء) مہنگائی کا بحران مزید شدت اختیار کر گیا، ایک ہفتے کے دوران 28 اشیاء مزید مہنگی ہو گئیں، صرف 4 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی، ہفتہ وار مہنگائی کی شرح تقریباً ڈیڑھ فیصد کے بڑے اضافے سے ساڑھے 16 فیصد سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں مہنگائی کا بے قابو جن رواں ہفتے بھی قابو میں نہیں آ سکا۔

ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں مزید اور بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ادارہ شماریات کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ملک بھر میں ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں مزید 1.42 فیصد اضافہ ہوگیا جس کے بعد سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر 16.54 فیصد ہوگئی۔

(جاری ہے)

وفاقی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 28 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 14 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا جبکہ صرف 4 اشیاء کی قیمتوں میں کچھ کمی دیکھنے میں آئی۔ رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران زندہ مرغی 28 روپے 26 پیسے فی کلو، دال مسور 14 روپے 88 پیسے، دال چنا 6 روپے 54 پیسے اور دال ماش 5 روپے 18 پیسے فی کلو،  انڈے 6 روپے 28 پیسے فی درجن، مٹن 6 روپے 67 پیسے اور بیف 5 روپے 84 پیسے فی کلو تک مہنگی ہو گئیں، جبکہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 54 روپے 62 پیسے اضافے کیساتھ 1425 روپے کی سطح تک پہنچ گیا۔

ایک ہفتے کے دوران دہی، دودھ، چینی، گھی، چائے اور لہسن کی قیمتوں میں بھی مزید اضافہ ہوا ہے۔ مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافے کے حوالے سے ماہرین معیشت کا کہنا ہے کہ ایک جانب عالمی سطح پر اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا، تو دوسری جانب ملک میں ڈالر کی قیمت بھی بے لگام ہو چکی، اسی وجہ سے ملک میں مہنگائی کا طوفان تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔