Live Updates

تحریک انصاف کی خواتین کاشیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف مین گارڈن ٹائون کو بلاک کر احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 21 مئی 2022 23:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2022ء) پاکستان تحریک انصاف کی خواتین نے پارٹی کی سینئر رہنما ڈاکٹر شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف مین گارڈن ٹائون کو بلاک کر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔احتجاجی مظاہرے میں تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ ،ڈاکٹر نوشین حامد معراج ، سعدیہ سہیل رانا،انیسہ فاطمہ سمیت دیگر خواتین رہنمائوں نے کی جبکہ اس موقع پر خواتین کارکنان کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔

مظاہرین نے شیریں مزاری کی گرفتاری کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی گیارہ کروڑ خواتین شیریں مزاری ہیں،اگر شیریں مزاری کو رہا نہ کیا گیا تو انقلاب میں شدت آنے کی ذمہ داری امپورٹڈحکمرانوں پر عائد ہو گی۔

(جاری ہے)

ہم پر امن لوگ ہیں لیکن شاید حکمران ٹولے نے غلط اندازہ لگایا ہے ۔

اگر یہ منفی اور اوچھے ہتھکنڈوں سے باز نہ آئے تو جو بھی حالات پیدا ہوں گے اس کے ذمہ دار امپورٹڈاور کٹھ پتلی حکمران ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ امپورٹڈحکمران خواتین کارڈ کھیلنا بند کریں ، رانا ثنا اللہ نے کس منہ سے شور مچایا ہوا ہے ،رانا ثنا اللہ جب پیپلزپارٹی میں تھے تو انہوں نے محترمہ کلثوم نواز اور مریم صفدر کے لئے کس طرح کی زبان استعمال کی تھی کیا وہ اسے بھول گئے ہیں ۔

ہم امپورٹڈ حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنی سیاسی مخالف جماعت کی خواتین کے خلاف انتقامی کارروائیوں سے باز رہے ، یہ پیپلز پارٹی کا زمانہ نہیں ہے جس طرح انہوں نے محترمہ بینظیر بھٹو کی کردار کشی کی تھی ،22کروڑ عوام ان گلو بٹوں کا کڑا محاسبہ کریں گے اور انہیںکہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک خاتون رہنما کو گرفتار کرنے سے ثابت ہو گیا ہے کہ امپورٹڈ حکمران ٹولہ بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکاہے ، اس طرح کے ہتھکنڈے اسلام آبادکی طرف مارچ کی راہ میں رکاوٹ نہیں بن سکتے ۔ ملک بھر کی خواتین ڈاکٹر شیریں مزاری کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات