Live Updates

وزیراعظم شہبازشریف اور سابق صدرآصف زرداری کے درمیان ملاقات

حکومت کی اتحادی جماعتوں کا وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار، حکومتی جماعتوں کا مل کر پی ٹی آئی لانگ مارچ، مہنگائی اور معیشت کو مسائل سے نکالنے پر اتفاق

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 21 مئی 2022 21:34

وزیراعظم شہبازشریف اور سابق صدرآصف زرداری کے درمیان ملاقات
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی 2022ء) حکومت کی اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم شہبازشریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا، اتحادی جماعتوں نے ملکر معیشت کو مسائل سے نکالنے پر بھی اتفاق کیا، پی ٹی آئی کے لانگ مارچ، ڈالر کی بڑھتی اڑان اور مہنگائی کم کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور سابق صدرآصف زرداری کے درمیان لاہور میں ملاقات ہوئی، ملاقات میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حکومت کی اتحادی جماعتوں نے وزیراعظم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور اتفاق کیا کہ معیشت کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے ملکر اقدامات اٹھائے جائیں گے، اسی طرح پی ٹی آئی لانگ مارچ، مہنگائی اور ڈالر کی اڑان کو نیچے لانے کیلئے بھی حکمت عملی بنائی جائے گی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں وفاقی وزراء رانا ثناء اللہ، سردارایازصادق، مفتاح اسماعیل، احسن اقبال جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے مسزرخسانہ، سلیم مانڈوی والا، جلال فاروق، جمیل احمد اور لیاقت علی شامل تھے۔

یاد رہے سابق صدر آصف علی زرداری جمعرات کو مسلم لیگ ق کے صدر چودھری شجاعت حسین کی رہائش گاہ پر گئے  تھے اور قومی حکومت کا بھرپور ساتھ دینے پر ان کا شکریہ ادا کیا، مسلم لیگ (ق) کے ترجمان کے مطابق اس موقع پرسابق صدر نے کہا کہ آپ ہمارے بہت اہم اتحادی ہیں اور آگے بھی آپ کی مشاورت شامل رہے گی، موجودہ سیاسی صورتحال پر سابق صدر نے چوہدری شجاعت کو اعتماد میں لیا اس موقع پر وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین ، وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ ، چوہدری شافع حسین اور مسلم لیگ ق کی ایم این اے فرح خان اور پی پی پی کی سابق ایم این اے رخسانہ بنگش بھی موجود تھیں، اس طرح پیپلزپارٹی اور ایم کیوایم قیادت کے درمیان ملاقات میں بھی اتحادی حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات