ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے 11ویں کانووکیشن میں قائمقام گورنر خیبر پختونخوا اور چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مشتاق احمد غنی کی شرکت

ہفتہ 21 مئی 2022 23:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2022ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے 11ویں کانووکیشن میں قائمقام گورنر خیبر پختونخوا اور چانسلر ہزارہ یونیورسٹی مشتاق احمد غنی نے طلباء و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی یافتہ دنیا کے ہم پلہ بنانے کے لئے ہمیں اعلی سائنسی تعلیم و ٹیکنالوجی کے حصول کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا تاکہ قوموں کی برادری میں باعزت مقام حاصل کیا جا سکے۔

گورنر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو ہر قسم کے قدرتی وسائل اور نعمتوں سے نوازا ہے اور اب ضرورت اس امر کی ہے کہ آپ جیسے اعلیٰ تعلیمی ڈگری کے حامل نوجوان جدید ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرتے ہوئے پاکستان کو صنعتی میدان میں خود کفیل بنانے کے لئے کوشش کریں تاکہ وطن عزیز کو ترقی یافتہ بنانے کا خواب پورا ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کے حصول کے بعد انسانی زندگی میں سب سے اہم چیز نظم و ضبط ہے اور میں آپ کو تاکید کرتا ہوں کہ اپنے آپ کو ڈسپلن کا خوگر ثابت کریں تاکہ عملی زندگی میں آپ ایک کامیاب شہری ثابت ہوں۔

انہوں نے فارغ التحصیل گریجویٹس سے کہا کہ آپ کے والدین نے آپ کو کامیاب انسان بنانے کے لئے بہت محنت کی ہے اور بہت تکلیفیں اٹھائی ہیں اور اب آپ کا یہ فرض ہے کہ اپنے والدین کے خوابوں کو اپنی کامیابی کی شکل میں خوبصورت تعبیر دیں۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی تعلیمی و تحقیقی شعبوں میں مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین مالی نظم و ضبط کی حامل یونیورسٹی ہے جو کہ باعث اطمان ہے۔

انٹرنیٹ کمپنی NayaTelکے سی ای او وہاج سراج نے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج اللہ تعالیٰ نے آپ کو ہزارہ یونیورسٹی کی اعلیٰ تعلیمی ڈگری کے ساتھ ساتھ دنیا میں ترقی کرنے کے لئے انٹر نیٹ اور لیپ ٹاپ عطا کئے ہیں اور اب آپ کو ترقی کرنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔وہاج سراج نے گریجوٹیس سے کہا کہ آپ کسی سے شکوہ نہ کریں بلکہ ٹیکنالوجی کی دنیا میں آگے بڑھتے ہوئے اپنا جہان خود پیدا کریں جہاں نا صرف آپ خود مالی وسائل کے حامل ہوں بلکہ اپنے جیسے کئی دوسرے نوجوانوں کو بھی روزگار فراہم کرنے کے قابل ہوں۔

وہاج سراج نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان مقدر کی طرف نہیں دیکھتا بلکہ اپنا مقدر خود سنوارتا ہے اور آج آپ اپنے والدین کی محنتوں، کوششوں، دعاؤں اور اپنے اساتذہ کے تجربے اور مہارت کی بدولت جس مقام پر پہنچے ہیں وہیں سے محنت کوشش اور دلجمعی کے ساتھ خود کو منوانے کی کوشش کریں۔انہوں نے کہا کہ وقتی مشکلات ہر انسان کی زندگی میں آتی ہیں جس کا ہمیں اپنی تعلیم اور تکنیکی مہارت مقابلہ کرنا چاہیے اور اپنے کام سے پیار کرتے ہوئے ہر طرح کی مشکل کا سامنا کرنا ہمیں آنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کو شروع میں مشکلات پیش آئیں گی لیکن پاکستان میں ترقی کرنے کے بے شمار مواقع موجود ہیں جنہیں استعمال کرتے ہوئے آپ ایک کامیاب انسان بن سکتے ہیں۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر جمیل احمد نے کانووکیشن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فارغ التحصیل گریجویٹس کو مبارکباد دی اور کہا کہ اپنے والدین کی محنتوں، کاوشوں اور اعلیٰ تعلیم کے حصول کی لگن کی بدولت آپ نے اپنے تعلیمی سفر کا اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔

انہوں نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ اور ہر حال میں اپنے والدین کا فرمانبردار رہنا ہے تاکہ ان کی دعاؤں کی بدولت آپ کو عملی زندگی میں کامیابی حاصل ہو اور آپ ان کے خوابوں کو تعبیر دے سکیں۔اس سے قبل قائمقام گورنر خیبر پختونخوا نے یونیورسٹی کے سبزہ زار میں دیودار کا یادگاری پودا بھی لگایا۔کانووکیشن میں سال2018سے 2020تک کے 928فارغ التحصیل گریجویٹس جن میں 22پی ایچ ڈی بھی شامل ہیں میں ڈگریاں تقسیم کی گئیں جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات اور سکالرز میں 260گولڈ میڈلز بھی تقسیم کئے گئے۔ کانووکیشن میں اعلیٰ حکام اور وزراء سمیت تعلیمی، سماجی اور علمی شخصیات و علاقہ معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔