پشاور زلمی کا اوورسیز ٹیم بنانے اور کون بنے گا خیبر پختونخوا چیمپئن شپ کرانے کا اعلان

ہفتہ 21 مئی 2022 23:33

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2022ء) پی ایس ایل فرنچائز پشاور زلمی نے گیم ڈویلپمنٹ پروگرام، اوور سیز پاکستانی بچوں کی کرکٹ ٹیم بنانے اور ستمبر میں کون بنے گا خیبر پختونخوا کرکٹ چیمپئن شپ منعقد کرانے کا اعلان کر دیا جبکہ بیرون ممالک میں ٹرائلز بھی لئے جائیں گے۔ پشاورزلمی کے ہیڈ کوچ وڈائریکٹر محمد اکرم نے کپتان وہاب ریاض، کامران اکمل اور سابق ٹیسٹ کرکٹر ارشد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جون میں برطانیہ سے ٹرائلز کا آغاز کیاجائے گا جس کے بعد سویڈن، جرمنی اوراٹلی میں ٹرائلز لئے جائیں گے امریکہ میں بھی ٹرائلز لینے کا ارادہ ہے دو روزہ اوپن ٹرائلز میں اوور سیز پاکستانی ٹیم کے لئے کھلاڑی تلاش کئے جائیں گے جس کے بعد کون بنے گا خیبر پختونخوا کرکٹ چیمپئن شپ ہوگا جس میں ایک اوور سیز ٹیم اور صوبے کے تمام اضلاع کی ٹیمیں حصہ لیں گی اگست تک بیرون ملک ٹرائلز مکمل کئے جائیں گے پھر خیبر پختونخوا میں ٹرائلز کا آغاز کیا جائے گا ٹرائلز میں منتخب کھلاڑیوںکو کون بنے گا خیبر پختونخوا چیمپئن شپ میں کھلایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گیم ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت پچز بنائیں گے جبکہ انڈر 16 تا انڈر 19 تک 100 سے زائد کھلاڑیوں کو کٹس دیں گے، باصلاحیت کھلاڑیوں کے لئے ماہانہ وظائف پروگرام شروع کر رہے ہیں تاکہ ان کا ٹیلنٹ ضائع نہ ہو اور وہ کھیل پر توجہ دے سکے بچوںکے لئے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں پشاور میں پی ایس ایل میچ کرانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن میچ نہ ہوسکا پشاور زلمی کی بھرپور خواہش ہے کہ پی ایس ایل کے میچ پشاور میں کرائے جائیں کہ ٹیم اپنے ریجن میں کھیلے پی سی بی نے اب اگلے سال پشاور میں میچ رکھنے کا وعدہ کیا ہے اس سلسلے میں پی سی بی کو اپیل کریں گے کہ خیبر پختونخوا میں میچ رکھا جائے اس ریجن کے لوگوں نے بہت مشکلات دیکھی ہیں ان کے چہروں پرخوشی دیکھنا چاہتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ پشاور زلمی سمیت دیگر فرنچائز مختلف ایج گروپ ٹیمیں بنانے اور کھلاڑیوں کی تیاری کے لئے پی سی بی سے بات چیت کر رہی ہیں پی سی بی ایک نئی لیگ کرانے جارہا ہے خواہش ہے کہ پشاور زلمی کی ٹیم لیگ میں کھیلے پی سی بی ملکر ٹیموں کی دیکھ بھال کرنا چاہتے ہیں ۔ مختلف سوالوں کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ڈیرن سیمی اب بھی پشاور زلمی کا حصہ ہے پچھلے سیزن میں انہوںنے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے پی ایس ایل میں حصہ نہیں لیا آئندہ سیزن میں ڈیرن سیمی پھر نظر آئیں گے۔

پشاور میں پشاور زلمی دفتر بنانے کے لئے ارباب نیاز سٹیڈیم کی تکمیل کا انتظار کر رہے ہیں پی سی بی سے سٹیڈیم احاطے میں جگہ دینے کے لئے بات چیت کر رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے کھلاڑی باصلاحیت ہیں اور ہر فرنچائز انہیں خریدرہی ہے۔انہوںنے کہا کہ پچھلے سال گیم ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت کھلاڑیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کیں، 112 انڈر 19 کھلاڑیوں کو کٹس دیں، 110 پچز بنائیں، نیٹس کا بندوبست کیاوزیر ستان کے کھلاڑیوں کے لئے بھی سامان بھیجا وزیرستان سے تین باصلاحیت کھلاڑی ملے ہیں انہی بنیادی سہولیات کی وجہ سے ڈومیسٹک کرکٹ میں خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کی شرح 8 فیصد سے 27 ہوگئی ہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے سہولیات دینے کے باعث اب نوجوان کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔