ملک کا سب سے بڑا ڈیم تربیلا ڈیڈ لیول تک پہنچ جانے سے صرف چند گھنٹے دور

ملک میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے تربیلا ڈیم 24 سے 48 گھنٹوں میں ڈیڈ لیول تک پہنچ جائے گا، وارننگ جاری کر دی گئی

muhammad ali محمد علی ہفتہ 21 مئی 2022 22:34

ملک کا سب سے بڑا ڈیم تربیلا ڈیڈ لیول تک پہنچ جانے سے صرف چند گھنٹے دور
ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 مئی2022ء) ملک کا سب سے بڑا ڈیم تربیلا ڈیڈ لیول تک پہنچ جانے سے صرف چند گھنٹے دور، ملک میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے تربیلا ڈیم 24 سے 48 گھنٹوں میں ڈیڈ لیول تک پہنچ جائے گا، وارننگ جاری کر دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ارسا کی جانب سے ایک بار پھر پانی کی شدید قلت کی وارننگ جاری کردی گئی ہے ۔ ارسا کی جانب سے صوبوں کو خطوط لکھ کر پانی احتیاط سے استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

صوبوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ملک میں بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے تربیلا ڈیم 24 سے 48 گھنٹوں میں ڈیڈ لیول تک پہنچ جائے گا، جس کی وجہ سے پانی کا بحران ایک بار پھر شدت اختیار کر جائے گا۔ ڈیم کی سطح 20 مئی کو ایک ہزار 406 فٹ تھی جبکہ 16 مئی کو ایک ہزار 414 فٹ تھی۔سکردو میں درجہ حرارت غیر متوقع ہونے کی نشاندہی کرتا ہے، جو جمعرات کو27 ڈگری سیلسیس سے گر کر گزشتہ روز 21 ڈگری پر آگیا، اس کمی نے ارسا کو تازہ صورتحال پر صوبوں کے لیے الرٹ جاری کرنے پر مجبور کیا۔

(جاری ہے)

ڈیم 22 فروری سے یکم مئی تک ڈیڈ لیول پر رہا جب فروری میں اس کی 2 سرنگوں کی مرمت کے دوران اس کے ذخیرے ختم ہو گئے، اب ارسا کی دستاویز کے مطابق واپڈا نے اپنے ڈیڈ لیول کے نشان کو 1.398 فٹ پر کر لیا ہے، محکمہ آبپاشی کے ایک عہدیدار نے کہا کہ تربیلا میں ڈیڈ لیول کو اوپر کرنا صورتحال کو مزید تشویشناک بناتا ہے۔ارسا کے اعلان میں کہا گیا ہے کہ اس بات کا خدشہ ہے کہ رم اسٹیشنز پر پانی کی آمد میں ایک اور کمی اگلے 24 سے 45 گھنٹوں میں ملک کو اپنی لپیٹ میں لے گی کیونکہ تربیلا ایک بار پھر ڈیڈ لیول (ایک ہزار 398 فٹ) کو چھو سکتا ہے۔

ارسا کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دریائے سندھ میں گذشتہ تین سے چار روز کے دوران پانی کی صورتحال بہتری کی طرف گامزن ہے لیکن اس کے باوجود دریائے سندھ میں پانی کی مجموعی طور پر 53 فیصد کمی برقرار ہے۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گڈو اور سکھر بیراجوں پر پانی کی سطح میں کئی ہزار کیوسک کا اضافہ ہواہے۔ گڈو بیراج پر پانی کی آمد 59260 کیوسک اور اخراج 54448 کیوسک ،سکھر بیراج پرپانی کی آمد 44031اور اخراج 16511 کیوسک ،کوٹری بیراج پر پانی کی آمد 5630 کیوسک اور اخراج 100 کیوسک ریکارڈ کیاگیا ہے۔