حرم مقدس میں فتوے کی خدمات سے 14 لاکھ افراد مستفید ہوچکے ، مسجد الحرام انتظامیہ

اتوار 22 مئی 2022 09:10

حرم مقدس میں فتوے کی  خدمات سے 14 لاکھ افراد مستفید ہوچکے ،  مسجد الحرام ..
مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) سعودی عرب میں مسجد الحرام کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ مسجد الحرام میں شرعی مسائل کے حوالے سے فراہم کی جانے والی فتوے کی خدمات سے رواں برس اب تک 14 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوچکے ہیں۔ سعودی خبررساںادارے نے مسجد الحرام کی انتظامیہ کے حوالے سے بتایا کہ رواں برس کے آغازمیں شرعی مسائل دریافت کرنے کے لیے مختلف زبانوں کے ماہرین علوم شریعہ کی خدمات فراہم کی جارہی ہیں جو وہاں آنے والوں کے مسائل سن کران کے شرعی بنیاد پرجواب دیتے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ رواں برس جب سے یہ خدمات فراہم کی گئی ہیں ،اب تک 8 لاکھ سے زیادہ افراد نے مفتی حضرات سے براہ راست رابطہ کرکے مسائل دریافت کیے جبکہ چھ لاکھ سے زیادہ افراد نے ٹیلی فون پرمسائل معلوم کیے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شرعی مسائل سے آگاہی فراہم کرنے کےلیے مسجد الحرام کی انتظامیہ نے 62 ماہرین علوم دینیہ جن میں یونیورسٹیوں کے پروفیسرز اور فقہی علوم کے ماہرین شامل ہیں کی خدمات خصوصی طور پرفراہم کی ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے مسجد الحرام کے دس مقامات پر ماہرین کو متعین کیا گیا ہے جبکہ اردو سمیت گیارہ زبانوں میں مسائل معلوم کرنے کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں موبائل سمارٹ سکرینز جنہیں ’روبوٹ سروس‘ کہا جاتا ہے بھی فراہم کی ہے جن کے ذریعے مسجد الحرام کے مختلف مقامات پرموجود وہ افراد مستفید ہوسکتے ہیں جو ماہرین علوم کی جگہ تک نہیں پہنچ سکتے۔اس ضمن میں مسجد الحرام میں خواتین کےلیے مخصوص حصے میں بھی روبوٹ سروس فراہم کی گئی ہے تاکہ خواتین اپنی زبان کا انتخاب کرکے مسائل معلوم کرسکیں۔