سعودی عرب ،سکیورٹی فورسز کے آپریشنزکے دوران 12 ہزار غیر قانونی تارکین گرفتار، 10 ہزار بے دخل

اتوار 22 مئی 2022 09:20

سعودی عرب ،سکیورٹی فورسز  کے آپریشنزکے دوران  12 ہزار غیر قانونی تارکین ..
جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) سعودی عرب کی سکیورٹی فورسز نے ایک ہفتے کے دوران مختلف آپریشنز کے ذریعے12 ہزار سے زیادہ غیر قانونی تارکین گرفتار اور 10 ہزار بے دخل کر دیے ۔

(جاری ہے)

سعودی خبر رساں ادارے نے وزارت داخلہ کی رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ 12 تا 18 مئی 2022 ملک کے بیشتر علاقوں میں مشترکہ سکیورٹی آپریشنز کے دوران 12 ہزار458 غیرقانونی تارکین کوگرفتارکیا گیا، ان میں سے 7 ہزار836 اقامہ قانون، 3 ہزار134 سرحدی امن قانون اور ایک ہزار488 قانون محنت کی خلاف ورزی کے مرتکب تھے۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں میں دراندازی کی کوشش کرنے والے 115 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا، ان میں سے 47 فیصد یمنی، 35 فیصد ایتھوپین اور 18 فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں،علاوہ ازیں 19 ایسے افراد کو بھی پکڑا گیا ہے جو سرحد پار کرکے مملکت سے نکلنے کی کوشش کررہے تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اقامہ، ملازمت اور سرحدی امن قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 12 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔