لاہور پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا

پولیس دیواریں پھلانگ کر رائے ممتاز کے گھر کے اندر داخل ہوئی اور انہیں گرفتار کیا، ترجمان پنجاب اسمبلی کا بیان

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 22 مئی 2022 09:55

لاہور پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22مئی 2022ء) لاہور پولیس نے ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا- پولیس دیواریں پھلانگ کر رائے ممتاز کے گھر کے اندر داخل ہوئی اور انہیں گرفتار کیا- تفصیلات کے مطابق لاہور میں پولیس نے چھاپہ مار کر ڈی جی پارلیمانی امور رائے ممتاز کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پنجاب اسمبلی کے مطابق پولیس دیواریں پھلانگ کر رائے ممتاز کے گھر کے اندر داخل ہوئی اور انہیں گرفتار کر لیا۔

رائے ممتاز کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ رات کو پولیس نے گھر چھاپہ مارا اور رائے ممتاز کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ پنجاب اسمبلی کے ترجمان کے مطابق سیکرٹری اسمبلی محمد خان بھٹی اور سیکرٹری کوآرڈینیشن عنایت اللہ لک کے گھر پر بھی چھاپے مارے گئے۔

(جاری ہے)

اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی نے رائے ممتاز کی گرفتاری اور محمد خان بھٹی اور عنایت اللہ کے گھروں پر چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سب ایکشن شہباز شریف کے حکم پر ہو رہا ہے، حکومت کا یہ ایکشن فسطائیت پر مبنی ہے۔

پرویز الٰہی نے کہا کہ اسمبلی آفیسرز کی گرفتاری اور چھاپے حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، غیر آئینی اور جعلی حکومت آئین کے خلاف اقدامات کر رہی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے رائے ممتاز کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رائے ممتاز کو حراست میں لے کر حکومت نے شکست تسلم کرلی۔ خیال رہے کہ اسپیکر پرویز الہٰی نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج طلب کر رکھا ہے، اس سے پہلے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 30 مئی کو طلب کیا گيا تھا، 25 ارکان کے نشستوں سے فارغ ہونے کے بعد اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی نے تاریخ تبدیل کر دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بھی آج طلب کر لیا، اجلاس میں پنجاب اسمبلی کے اجلاس سے متعلق حکمت عملی طے کی جائے گی۔