شہدائے کشمیر کے مشن کی تکمیل تک پوری دنیا میں جدوجہد آزادی ء جموں و کشمیر جاری رہے گی‘راجہ نجابت حسین

برطانوی پارلیمنٹ کا بین الاقوامی دباؤ بھارت پر بڑھایا جائے گا اور یاسین ملک کی رہائی کے لئے ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا

اتوار 22 مئی 2022 13:25

�ریڈ فورڈ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) شہدائے کشمیر کے مشن کی تکمیل تک پوری دنیا میں جدوجہد آزادی ء جموں و کشمیر جاری رہے گی۔ حریت راہنماؤں میر واعظ مولوی محمد فاروق شہید اور عبدالغنی لون شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے دنیا بھر میں کشمیری ان کا یوم شہادت انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منا رہے ہیں۔ جموں کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین اور حریت کانفرنس آزادجموں وکشمیر کے سابق کنوینر سید یوسف نسیم شاہ نے عظیم کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اگلے ہفتے کو ’’ہفتہ شہدائے جموں وکشمیر‘‘منانے کا اعلان کر دیا۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ شہدائے جموں وکشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ہماری تحریک کے عہدیداران برطانیہ کے بڑے شہروں، یورپی ممالک کے دارالحکومتوں اور دیگر ممالک کے مختلف علاقوں میں تقریبات منعقد کر رہے ہیں اور یہ سلسلہ اگلاپورا ہفتہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

ان تقریبات میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ، لارڈ میئرز، میئرز، کونسلروں اور مقامی کمیونٹی راہنماؤں کو شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک یاسین ملک کی رہائی کے لئے تمام عالمی فورمز پر آواز بلند کرے گی اور اس سلسلہ میں ممبران برطانوی پارلیمنٹ اور آل پارٹیز پارلیمنٹری گروپ برائے کشمیر کی چیئرپرس ڈیبی ابراھم اور دیگر عہدیداران کے ساتھ مل کر مضبوط اور متحرک لابی کی جائے گی اور برطانوی پارلیمنٹ کا بین الاقوامی دباؤ بھارت پر بڑھایا جائے گا اور یاسین ملک کی رہائی کے لئے ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

اس سلسلہ میں راجہ نجابت حسین اور سید یوسف نسیم شاہ برطانوی ہاؤس آف کامنز کا دورہ کریں گے اور مختلف ہم خیال برطانوی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے اور مقبوضہ جموں کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزادی دلوانے کے لئے بین الا قوامی لابی کو متحرک کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اثر و رسوخ رکھنے والے اداروں میں آوازیں بلند کی جائیں گی تا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی تسلیم شدہ قراردادوں کے مطابق حل کروایا جا سکے۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک اور ہماری تحریک کے ساتھ کام کرنے والی مختلف تحریکیں، تنظیمیں اور افراد بھارت میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور ہم سب بھارت کے 5 اگست 2019 کے اقدام کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں وکشمیر میں حد بندی کمیشن کے قیام کو مکمل طور پر غیر قانونی سمجھتے ہیں اور شدید الفاذ میں مذمت کرتے ہیں۔

بھارت انتخابی حد بندیاں کر کے مقبوضہ جموں کشمیر میں ہندؤوں کی اکثریت قائم کرنا چاہتا ہے اور پورے کا پورا مقبوضہ جموں کشمیر ہڑپ کرنا چاہتا ہے جو کہ ہماری تحریک کے ہوتے ہوئے ممکن نہیں ہوگا۔ہم بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں کشمیر میں بھارتی مسلح افواج کے زریعے غیر قانونی طور پر نافذ کئے جانے والے تمام کالے قوانین کے خاتمے کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے اور جب تک بھارت مقبوضہ جموں کشمیر کے عوام کو ان کا حق خود ارادیت نہیں دیتا اس وقت تک ہماری تحریک جاری رہے گی اور ہم ہر عالمی فورم پر اور ہر امن پسند ملک کے پارلیمان میں کشمیریوں کے حق خود اردایت کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے۔

راجہ نجابت حسین نے کہاکہ برطانوی پارلیمنٹ میں حکومتی رکن بیرونس سعیدہ وارثی نے کشمیریوں کے لئے جاندار آواز بلند کر کے پوری کشمیری قوم کے دل جیت لئے ہیں۔ بیرونس سعیدہ وارثی نے برطانوی پارلیمنٹ میں کشمیریوں کے لئے آواز بلند کرتے ہوئے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کیا اور بھارت کے تمام کالے قوانین کو مسترد کیا اور برطانوی حکومت سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کروانے کے سلسلہ میں اپنا کردار ادا کرے۔

راجہ نجابت حسین اور ربرطانوی ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ ایم پی نے بیرونس سعیدہ وارثی کو زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ بیرونس سعیدہ وارثی کی جاندار آواز نے مسئلہ کشمیر کو دنیا بھر میں زندہ کر دیا ہے اور بھارت کے مکروہ چہرے کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا ہے۔ دونوں راہنماؤں نے لارڈ قربان حسین کو بھی زبردست انداز میں خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے برطانوی ہاؤس آف لارڈز میں کشمیریوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کی۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ جس طرح ہماری تحریک گزشتہ چار دہائیوں سے بھی زیادہ عرصہ سے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اُجاگر کر رہی ہے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن اور فوری حل کے لئے دنیا کے ایوانوں اور تمام با اثر اداروں میں متحرک اور منظم لابی کر رہی ہے یہ سب کچھ اسی مضبوط لابی کے نتیجے میں ممکن ہو رہا ہے اور مختلف برطانوی ممبران پارلیمنٹ برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کی جانب توجہ مبذول کروا رہے ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ اسی طرح کی تیز ترین اور موثر لابی کے نتیجے میں بہت جلد اچھے نتائج سامنے آئیں گے اور بھارت بہت جلد اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور کشمیریوں کی مرضی اور منشاء کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کرنے پر آمادہ ہو جائے گا اور وہ دن دور نہیں ہے جب کشمیری قوم کو آزادی نصیب ہو گی۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو رکوانے کے لئے آوازیں بلند کر رہے ہیں اور بھارت کو مکروہ چہرہ پوری دنیا کو دکھا رہے ہیں اور عالمی برادری کے دروازوں پر جاندار انداز میں دستک دے رہے ہیں اور عالمی برادری کو روزانہ کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر کے سلسلہ میں بیدار کر رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر کی سنگینی سے بھی آگاہ رکھے ہوئے ہیں۔

راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری جدو جہد اس وقت تک جاری و ساری رہے گی جب تک مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو بھارتی ناجائز تسلط سے آزادی نصیب نہیں ہو جاتی۔ راجہ نجابت حسین نے کہا کہ ہماری تحریک نے اس سال 2022 میں بے شمار انتہائی اہم نوعیت کی تقریبات اور سرگرمیاں منعقد کرنے کا مشن شروع کر رکھا ہے اور ہماری آمدہ سرگرمیاں بھارت پر دباؤ ڈالنے کے لئے کافی ہوں گی ۔