وزیراعظم نے نئے گورنر پنجاب کی تعیناتی کے لیے دوسری سمری صدر مملکت کو ارسال کر دی

نئے گورنر کے لیے بلیغ الرحمان ہی موزوں شخصیت ہیں، نئی سمری میں بھی شیخ بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب لگانے کی سفارش کی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 22 مئی 2022 16:00

وزیراعظم نے نئے گورنر پنجاب کی تعیناتی کے لیے دوسری سمری صدر مملکت ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 مئی2022ء) وزیراعظم شہباز شریف نے نئے گورنر پنجاب کی تعیناتی کے لیے دوسری سمری صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کر دی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے صدر مملکت کو بھیجی گئی نئی سمری میں بھی شیخ بلیغ الرحمان کو گورنر پنجاب لگانے کی سفارش کی گئی۔وزیراعظم نے سمری میں کہا کہ نئے گورنر کے لیے بلیغ الرحمان ہی موزوں شخصیت ہیں۔

رپورٹ کے مطابق صدر مملکت سمیت کی گورنر کی تقرری کی توثیق کے پابند ہے۔قبل ازیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ وزیراعظم گورنر پنجاب کی تقرری بارے اپنی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔ ہفتہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے وزیراعظم کی ایڈوائس کے جواب میں کہا ہے کہ عمر سرفراز چیمہ اب بھی گورنر کے عہدے پر فائز ہیں، نئی تقرری کا کوئی جواز نہیں، آئین کے آرٹیکل 101(2) کے تحت ''گورنر صدر کی خوشنودی تک عہدے پر فائز رہے گا''، موجودہ ملکی حالات کا تقاضا ہے کہ موجودہ گورنر اپنے عہدے پر برقرار رہیں،گورنر پنجاب کے خط اور رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کے انتخاب میں اراکین پنجاب اسمبلی کی وفاداریاں بدلی گئیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں غیرقانونی طریقے سے اکثریت حاصل کرکے آئین کے آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی کی گئی، غیرقانونی اقدامات سے پنجاب میں گورننس کے سنگین مسائل پیدا ہوئے، صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کے 17 مئی کے فیصلے سے گورنر کے اصولی موقف کی توثیق ہوئی۔ صدر مملکت نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے 20 مئی کے فیصلے سے بھی گورنر پنجاب کا موقف مزید مستحکم ہوا، الیکشن کمیشن نے 25 اراکین صوبائی اسمبلی کے انحراف، وفاداریاں بدلنے کی تصدیق کی، الیکشن کمیشن نے وفاداریاں بدلنے کو ''ووٹر اور پارٹی کی پالیسی کو دھوکہ دینے کی بدترین شکل'' کہا، الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق منحرف ہونے والے 25 ایم پی اے پنجاب اسمبلی کے رکن نہیں رہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 48(1) کے مطابق نئے گورنر پنجاب کی تقرری کی ایڈوائس پر نظرثانی کریں۔