جی ایس پی پلس کی سہولت کے تحت یورپی ممالک سے تجارت میں مزید اضافہ ضروری ہے، میاں کاشف اشفاق

اتوار 22 مئی 2022 16:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مئی2022ء) برطانیہ پاکستان بزنس کونسل (یو پی بی سی)کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے جی ایس پی پلس کی سہولت کے تحت یورپی ممالک سے تجارت میں مزید اضافہ پرزور دیا ہے۔چوہدری اریب آرائیں کی قیادت میں نوجوان برآمد کنندگان کے وفد سے اتوار کو گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جی ایس پی پلس سہولت کی فراہمی کا مقصد معاشی استحکام اور گڈ گورننس کی بہتری ہے۔

انہوں نوجوان برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے یورپی ممالک کی زیادہ سے زیادہ منڈیوں تک رسائی حاصل کرکے قومی برآمدات کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کی دوسری بڑی تجارتی شراکتدار ہے اور 2013 تا 2021کے دوران یورپی یونین کے ممالک کو پاکستانی برآمدات میں 86 فیصد اضافہ ہوا ہے جس سے برآمدات کا حجم 3.56 ارب یور کے مقابلہ میں 6.64 ارب یورو تک بڑھا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب یورپی ممالک سے پاکستانی درآمدات 69 فیصد اضافہ سے اس عرصہ میں 3.31 ارب یورو کے مقابلے5.59 ارب یورو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو ہمیشہ اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس 34-2024 کے حوالہ سے مجوزہ قانون سازی فریقین کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی۔ فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ مینجمنٹ کمپنی کے سابق چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ یہ فورم یورپی ممالک اور پاکستان کو درآمدات اور برآمدات میں سہولت فراہم کرتا ہے۔چوہدری اریب آرائیں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت پاکستان کے کاروبائی آسانیوں کے اقدامات سے مزید یورپی کمپنیاں استفادہ کریں گی۔