شفاف،منصفانہ،غیرجانبدارانہ انتخابات ہی موجودہ بحران کاحل ہے،ڈاکٹرصالح ظہور

آئندہ انتخابات متناسب نمائندگی پر بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے کرائے جائیں،سیاسی جماعتیں اصلاحات میں معاونت کریں، قائد مسلم لیگ شیربنگال

اتوار 22 مئی 2022 16:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) پاکستان مسلم لیگ شیر بنگال کے قائد ڈاکٹر صالح ظہور نے کہا ہے کہ شفاف،منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہی موجودہ سیاسی بحران کاواحد حل ہے،ورنہ ملک انارکی کی سمت جا رہا ہے۔تمام سیاسی جماعتو ں کو انتخابی اصلاحات کے ضمن میںمتفقہ فیصلے کے ذریعے حقیقی،جمہوری عوامی قیادت کی راہ ہموار کرنی چاہئے 70سال سے زائد عرصہ قیام وطن کو ہو چکا مگر ہم اپنی حقیقی آزادی یعنی مقصد حصول مملکت سے کوسوں دور ہیں۔

وہ گذشتہ روز اخلاص چوک یو سی5 مچھر کالونی ضلع کیماڑی میں مسلم لیگ شیر بنگال کے رابطہ عوام دفترکی افتتاحی تقر یب کے موقع پرآنے والے عوام و کارکنان سے خطاب کررہے تھے جنہوں نے یکجا ہو کر ایک بہت بڑے جلسہ عام کی صورت اختیار کرلی تھی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر صالح ظہور نے کہا کہ حصول خطہ کی تحریک کا ایک تاریخی پس منظر ہے۔بانی مملکت خداداد کا ایک مقصدونظریہ تھاجسے ہم نے یکسر فراموش کررکھا ہے۔

دنیا سمٹ کرگلوبل ولیج کی شکل اختیارکر چکی ہے۔عوام حقائق کی تہہ تک پہنچنے کی ہر راہ سے آگاہ ہیں۔اپنی حمایت والے پٹھوئوں کو بٹھانے،اتارنے ،چڑھانے،گرانے کا عمل اب بہت ہو چکا،مزید نہیں چلے گا۔طاقتوروںکواپنی بچی کھچی توقیر سنبھال وسمیٹ کرچہروں کی تبدیلی کے مکروہ دھندے کو ترک کرنا ہوگا۔انہوں نے تجویز کیا کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات متناسب نمائندگی کے تحت نادرابائیو میٹرک سسٹم پر کرائے جائیںتاکہ تمام بڑی چھوٹی فعال ملکی سیاسی جماعتوںکی اصل قوت،پوزیشن وحیثیت کا ایک مرتبہ تعین ہو جائے۔

جس جماعت کوجتنی فیصد نمائندگی ملے اسی قدر اسے حق حکمرانی دیا جائے تاکہ شخصیت پرستی کا رجحان کم ہواور جماعتوں کی مجموعی کارکردگی ان کے انتخاب کاپیمانہ بنے۔جب تک دھونس،دھمکی،دھاندلی،بد عنوانی،اقربا پروری وبدمعاشی کاکلچر ختم نہیں ہوتا حقیقی عو امی قیادت کاتصور ممکن نہیں۔اس موقع پر ناصراحمد منا بھائی۔مظفر احمد،حافظ عبدالحق بیانی،مولانا عبدالحق بیانی،ابو سید،ابوالکلام، اسماعیل و دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔مسلم لیگ شیر بنگال کے قائد نے کہا کہ بلدیاتی نظام جمہوریت کی نرسری ہے جہاں سے مستقبل کی قومی قیادتیں پروان چڑھتی ہیں۔مقامی حکومتوںکے انتخابات کا تسلسل ٹوٹناترقی کا عمل روکے جانے کے مترادف ہے۔