شدید ترین گرمی ، پاک فوج کے جوانوں نے ٹینکروں کی مدد سے کھوکھراپار سمیت تھر کے مختلف گائوں گوٹھوں میں پینے کا صاف پانی پہنچانا شروع

اتوار 22 مئی 2022 19:05

عمرکوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2022ء) آرمی چیف کی خصوصی ہدایت پرشدید ترین گرمی اور صحرائے تھر کی تپتی لو ہوائوں میں پاک فوج کے جوانوں نے ٹینکروں کی مدد سے کھوکھراپار سمیت تھر کے مختلف گائوں گوٹھوں میں پینے کا صاف پانی پہنچانا شروع کردیا۔ملک بھرمیں موسمیاتی تبدیلی کے باعث شدید گرمی کی شدت میں بے تحاشہ اضافہ ہوگیا۔

خاص کرضلع تھرپارکر کے صحرائی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ کی وجہ سے آرمی چیف کی خصوصی ہدایات پر پاک فوج کے جوانوں نے ٹینکر کی مددسے صحرائے تھر میں پینے کا پانی پہنچانے کا کام شروع کردیا پاک فوج کی جانب سے صحرائے تھر کے باشندوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے لئے کھوکھراپار کے علاقے میں ہیٹ اسٹروک کیمپ بھی قائم کردیا جہاں صحرائے تھر کے باشندوں کو ہیٹ اسٹروک سے بچانے کے تمام انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ صحرائے تھر کے مختلف گائوں گوٹھوں میں پینے کا پانی گھر گھر پہنچانا شروع کردیا ہے صحرائے تھر کے باشندوں نے پاک فوج کے اقدام کو سرہاتے ہوئے خوشی کااظہار کیاہے تھری باشندوں نے کہاکہ پاک افواج نے ہر مشکل وقت میں ہماری مدد کی ہے جس پر خصوصی طورپر آرمی چیف اور پاک افواج کے مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

آج پاک افوج کی بدولت شدید ترین گرمی میں دوردرازگائوں گوٹھوں میں تھر کے غریب لوگوں کو پینے کاصاف ستھرا پانی مل رہاہے ۔