یاسین ملک کوجھوٹے کیس میں سزا سنانے کے خلاف بھارتی غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل ہڑتال کی جائے گی

پیر 23 مئی 2022 11:48

یاسین ملک کوجھوٹے کیس میں سزا سنانے کے خلاف  بھارتی غیرقانونی زیر تسلط ..
سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی ایک عدالت کی جانب سے غیر قانونی طور پر نظر بند جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو ایک جھوٹے مقدمے میں سزا سنائے جانے کے خلاف کل بھارت کے غیرقانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے اور جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ اور تاجروں اور طلبا یونینوں سمیت سول سوسائٹی کی دیگر تنظیموں نے اس کی مکمل حمایت کی ہے۔

جے کے ایل ایف کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو جمعرات کو این آئی اے کی عدالت نے2017میں درج کئے گئے ایک جھوٹے مقدمے میں مجرم قرار دیا تھا۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں عالمی برادری، اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی طور پر نظر بند حریت پسندکشمیری رہنما کی زندگی بچانے میں اپنا کردار ادا کریں جنہیں مودی حکومت نے من گھڑت اور سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے مقدمات میں پھنسادیا ہے۔