رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں گوشت کی برآمدات میں 21 فیصد کمی

برآمدات کا حجم28 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہا،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم81 ہزار 561 ٹن تھا

پیر 23 مئی 2022 12:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں میں گوشت کی برآمدات 21 فیصد کم ہو کر 64 ہزار 113 ٹن رہیں جس کی مالیت28 کروڑ 40 لاکھ ڈالر رہی جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ حجم81 ہزار 561 ٹن تھا جس کی مالیت 27 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھی ۔رپورٹ کے مطابق کم مقدار میں بھیجنے کے باوجود پاکستانی گوشت نے رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 4 ہزار 440 ڈالر فی ٹن کی اچھی اوسط کمائی جو کہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3 ہزار 424 ڈالر تھی۔

اپریل میں گوشت کی برآمدات بڑھ کر 7 ہزار 716 ٹن ہوگئیں جن سے ساڑھے 3 کروڑ ڈالر حاصل کیے گئے یہ برآمدات مارچ میں 6 ہزار 386 ٹن تھی جس سے 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر حاصل کیے گئے تھے، فروری میں برآمدات 6 ہزار 246 ٹن تھیں جنہوں نے 2 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کمائے۔

(جاری ہے)

پاکستان نے مالی سال 2021 میں 95 ہزار 991 ٹن گوشت کی اب تک کی بلند ترین برآمد دیکھی جس سے ملک کو 33 کروڑ 30 لاکھ ڈالر حاصل ہوئے جبکہ مالی سال 2020 میں 83 ہزار 479 گوشت کی برآمد سے ملک کو 30 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی آمدنی ہوئی تھی۔

آرگینک میٹ کمپنی لمیٹڈ نے 13 مئی کو اردن کو تازہ جما ہوا ہڈیوں والا گوشت فراہم کرنے کا معاہدہ حاصل کرنے والی پہلی کمپنی ہونے کا دعوی کیا جس کی مالت تقریباً 16 لاکھ ڈالر ہے اور یہ معاہدہ اگلے 12 ماہ کے دوران پورا کیا جائے گا۔کمپنی نے کویت کو تجارتی طور پر برانڈڈ جما ہوا ہڈیوں والا گوشت فراہم کرنے کا معاہدہ بھی حاصل کیا جس کی مالیت 60 لاکھ ڈالر ہے جو دسمبر تک پورا ہو جائے گا، ٹی او ایم سی ایل نے کہا یہ پروڈکٹ کی ایک نئی لائن ہے جو پاکستان سے صرف ہماری کمپنی پیش کر رہی ہے۔