ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان

محمد حارث سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ،آصف آفریدی، آصف علی، حیدر علی اور عثمان قادر ٹیم سے باہر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 23 مئی 2022 12:19

ویسٹ انڈیز کیخلاف ون ڈے سیریز کے لیے 16 رکنی پاکستانی سکواڈ کا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 مئی 2022ء ) پاکستان کرکٹ سلیکٹرز نے آج ویسٹ انڈیز کے خلاف تین ون ڈے میچز کی سیریز کے لیے سکواڈ کا اعلان کیا ہے، جو 8، 10 اور 12 جون کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں شیڈول ہیں۔ چونکہ یہ سیریز بائیو سیکیور ببل میں نہیں کھیلی جائے گی اس لیے سلیکٹرز نے آسٹریلیا کیخلاف ہوم ون ڈے سیریز کے لیے 21 کھلاڑیوں پر مشتمل سکواڈ کو کم کر کے 16 کھلاڑی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اگلے ماہ ہونے والے میچوں سے سکواڈ سے باہر رہنے والوں میں آصف آفریدی، آصف علی، حیدر علی اور عثمان قادر کی سلیکشن پر غور نہیں کیا گیا، سعود شکیل کی سائنوسائٹس کی سرجری ہونے والی ہے۔

بابر اعظم ٹیم کی قیادت جاری رکھیں گے جبکہ شاداب خان، جو انجری کے باعث آسٹریلیا کے ون ڈے میچز سے باہر ہو گئے تھے، نائب کپتان کے طور پر واپس آئے ہیں۔

(جاری ہے)

سکواڈ یکم جون کو راولپنڈی میں تربیتی کیمپ کے لیے جمع ہوگا اور حارث رؤف، حسن علی، محمد رضوان اور شاداب خان، جو اس وقت انگلش کاؤنٹی چیمپئن شپ میں کھیل رہے ہیں، پریکٹس سیشن کے لیے وقت سکواڈ میں شامل ہوں گے۔

سکواڈ میں تین اوپنرز عبداللہ شفیق، فخر زمان اور امام الحق، تین مڈل آرڈر بلے باز بابر اعظم، افتخار احمد اور خوشدل شاہ، دو وکٹ کیپر/بلے باز محمد حارث اور محمد رضوان، دو سپن آل راؤنڈر محمد نواز اور شاداب خان ،زاہد محمود کے ساتھ بطور ساتھی سپنرز اور پانچ فاسٹ باؤلر حارث رؤف، حسن علی، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی اور شاہنواز دہانی شامل ہیں۔ پاکستان نے آئی سی سی پلیئر رینکنگ کے ٹاپ 15 میں تین بلے بازوں کو سلیکٹ کیا ہے، کپتان بابر اعظم پہلی پوزیشن پر موجود ہیں ،تیسرے نمبر پر امام الحق اور 12 ویں نمبر پر فخر زمان ہیں۔ باؤلرز میں شاہین شاہ آفریدی رینکنگ میں 7ویں پوزیشن پر موجود ہیں ۔