کوسل مینڈس سینے میں درد کی شکایت کے بعد ڈھاکہ کے ہسپتال میں داخل

سری لنکن بلے باز دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن لنچ سے چند منٹ قبل اپنا سینہ تھامے میدان سے باہر چلے گئے تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 23 مئی 2022 14:18

کوسل مینڈس سینے میں درد کی شکایت کے بعد ڈھاکہ کے ہسپتال میں داخل
ڈھاکا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 مئی 2022ء ) سری لنکن بلے باز کوسل مینڈس کو دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن لنچ سے چند منٹ قبل سینے میں درد کی شکایت کرتے ہوئے میدان چھوڑنے کے بعد ڈھاکہ کے ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ کوسل مینڈس 23 ویں اوور میں کچھ تکلیف میں نظر آئے اور میدان میں لیٹ گئے، بعد میں وہ سینہ تھامے کھیل کا میدان چھوڑ گئے۔ بی سی بی کے ڈاکٹر منظور حسین چودھری نے کہا کہ مینڈس کو ان کی حالت کی "مناسب تشخیص اور بہتر انتظام" کے لیے ہسپتال لے جانا پڑا۔

منظور چودھری کے مطابق مینڈس میچ میں پانی کی کمی کا شکار تھے جو ان کی تکلیف کی وجہ ہو سکتی ہے۔ مینڈس کی تکلیف کی ممکنہ وجہ کے طور پر گیسٹرائٹس کا شبہ تھا۔ اس مرحلے پر یہ واضح نہیں ہے کہ وہ کب تک ہسپتال میں رہیں گے اور ڈھاکہ ٹیسٹ میں ان کی شرکت پر بھی سوالیہ نشان برقرار ہے۔

(جاری ہے)

کوسل مینڈس نے چٹاگانگ ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں نصف سنچری سکور کی، اس کے بعد دوسری اننگز میں 48 رنز بنا کر سری لنکا کو میچ ڈرا کرنے میں مدد کی۔

پہلے ٹیسٹ میں کھلاڑیوں کو نمی کی وجہ سے انتہائی مشکل حالات کا سامنا رہا۔ تمیم اقبال تیسرے دن شدید درد کی وجہ سے ریٹائرمنٹ پر مجبور ہوئے جب کہ آن فیلڈ امپائر رچرڈ کیٹلبرو کو بھی چوتھے روز شدید گرمی کے باعث میدان چھوڑنا پڑا۔ ٹیسٹ کے دوران کھلاڑیوں کو اکثر بڑی چھتریوں کے نیچے ڈرنکس بریک کرتے دیکھا گیا۔ سری لنکا کو بھی تیز گیند باز وشوا فرنینڈو کے لیے متبادل استعمال کرنا پڑا جب وہ چٹاگانگ ٹیسٹ کے دوسرے دن شرف الاسلام کے باؤنسر پر زخمی ہوئے۔ کاسن راجیتھا ان کے متبادل تھے۔ بنگلہ دیش کے اس دورے پر یہ سری لنکا کا آخری میچ ہے۔