کمشنر سرگودہا کے غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے احکامات جاری

پیر 23 مئی 2022 16:11

سرگودہا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) کمشنر سرگودہا ڈاکٹر ارشاد احمد نے پنجاب کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ اینڈ ڈویلپمنٹ کمپنی کے زیر انتظام قائم مویشی منڈیوں میں خریدوفروخت کنندگان کیلئے ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئےچاروں اضلاع میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مویشی منڈیوں اور لمپی سکن بیماری کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی جانب سے کئے جانے والے انتظامات کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ کیٹل مارکیٹ مینجمنٹ کمپنی ٹیکس وصول کررہی ہے لہذا انہوں نے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اضلاع میں مویشی منڈیوں میں فراہم کردہ سروسز کی مانیٹرنگ کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمپنی منتظمین کو عید الاضحیٰ کیلئے مویشی منڈیوں میں فوری انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کمپنی کے واجبات کی سو فیصد وصولی کو یقینی بنانے ، گانگووائرس او رلمپی سکن بیماری کے حوالے سے ڈویژن کی تمام مویشی منڈیوں میں آگاہی بینرز لگانے اور خصوصی پروگرامز تشکیل دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا ۔ اس موقع پر بتایاگیاکہ کیٹل مارکیٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی کے زیر انتظام ڈویژن بھر میں 16 مویشی منڈیاں کام کر رہی ہیں اور عید الاضحیٰ کے حوالے سے خصوصی پلان تشکیل دے دیاگیا ہے ، جس کے تحت کمپنی عیدسے قبل 7سے 10 خصوصی منڈیاں لگائے گی ، تمام مویشی منڈیوں میں اینٹی کانگو او راینٹی ڈینگی سپرے کیاجارہاہے جبکہ منڈی میں لائے جانے والے مویشیوں کو لمپی سکن سے بچاؤ کی ویکسین بھی لگائی جارہی ہے ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیوسٹاک ڈاکٹر واجد اسلم نے بتایا کہ چاروں اضلاع میں اب تک لمپی سکن کے 124 مشتبہ کیس رپورٹ ہوئے ہیں ، جن میں سے 58کے سیمپل حاصل کئے گئے،11 مثبت جبکہ 14منفی رہے ۔ حکومت کی جانب سے سرگودہا ڈویژن کیلئے لمپی سکن ویکسین کی 34 ہزار خوراکیں موصول ہوئیں جو تمام اضلاع میں بھجوادی گئی ہیں ، اب تک 19ہزار 155مویشیوں کی ویکسین ہو چکی ہے ۔

کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے لمپی سکن سے بچاؤ کیلئے خصوصی آگاہی مہم کے ساتھ محکمہ لائیوسٹاک او رکیٹل مارکیٹ کمپنی کو ہنگامی اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوں نے کہاکہ تمام مویشی منڈیوں میں نمایاں تبدیلی نظر آنی چاہیے ۔ا جلاس میں اضلاع کے چاروں ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل کمشنر کوارڈی نیشن صائمہ یونس ،پی سی ایم ایم اینڈ ڈی سی ڈاکٹر آفتاب احمد اور لائیوسٹاک کے افسران شریک تھے ۔