صدر جو بائیڈن کی بھارتی وزیر اعظم سے ساتھ ملاقات میں یوکرین پر روسی حملے کی مذمت سے گریز پر بات ہوگی، امریکی مشیر

پیر 23 مئی 2022 16:50

صدر جو بائیڈن کی بھارتی وزیر اعظم سے ساتھ ملاقات میں    یوکرین پر روسی ..
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سولیوان نے کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ملاقات میں بھارت کی طرف سے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت سے گریز پر بھی بات ہوگی۔ جاپان میں ہونے والے چار فریقی سکیورٹی ڈائیلاگ کے موقع پر امریکی صدرجوبائیڈن کی بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ ہونے والی ملاقات سے قبل پیر کو واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران امریکی مشیر نے کہا کہ امریکاصرف بھارت ہی نہیں بلکہ ایسے تمام ممالک کی بات کرتا ہے جہاں مسلمان مخالف پالیسیاں اپنائی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جاتی ہیں ۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے مسلمان مخالف پالیسیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ صدر بائیڈن اپنی مدت صدارت کے آغاز سے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ہم جہاں بھی بنیادی اصولوں، بنیادی آزادیوں، انسانی حقوق، جمہوری اقدار اور قانون کی حکمرانی کو کی خلاف ورزی یا انحراف دیکھیں گے تو ہم اس پر بات کریں گے اور یہ سب مختلف ممالک میں ہو رہا ہے اور ہم نے اس کا صرف بھارت کی طرف اشارہ نہیں کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکا نے جمہوری اور غیر جمہوری ممالک کے ساتھ عملی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے ایک راستہ تلاش کیا ہے اور امریکی اقدارہماری اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے یوکرین پر روسی حملے کی مذمت کے لیے اقوام متحدہ کی تمام قراردادوں میں بھارت کے حصہ نہ لینے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں کہا کہ امریکی صدر کی بھارتی وزیراعظم کے ساتھ ملاقات میں اس پر بات کی جائے گی۔ انہوں اس توقع کا اظہار کیا کہ یہ ملاقات بھی پہلی ملاقاتوں کی طرح تعمیری اور مثبت ہو گی۔