ایلون مسک اسپیس ایکس 1.7 بلین ڈالر اکٹھے کرنے کیلئے کوشاں

کمپنی کی جانب سے 70 ڈالر فی شیئر کی قیمت پر 1.7 بلین ڈالرکا سرمایہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،رپورٹ

پیر 23 مئی 2022 16:58

ایلون مسک اسپیس ایکس 1.7 بلین ڈالر اکٹھے کرنے کیلئے کوشاں
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) دنیا کے ارب پتی شخص ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کمپنی کی قدر تقریبا 127 بلین ڈالرتک پہنچانے کے لیے مزید 1.7 بلین ڈالر کی فنڈنگ حاصل کرنیکے لیے کوشاں ہے۔بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق، ایسے وقت میں ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس 1.7 بلین ڈالر کے فنڈز جمع کرنے کی کوشش کر رہی ہے، جب کمپنی کے سربراہ اپنی سابقہ گرل فرینڈ، اداکارہ امبر ہرڈ اور ان کے سابق شوہر، اداکار جانی ڈیپ کے ہتک عزت کے مقدمے اور کمپنی میں ایک ملازم کو ہراساں کرنے کے الزامات کی وجہ سے خبروں میں نظر آرہے ہیں جوکہ اب اپنے آخری مراحل میں داخل ہوگیا ہے۔

رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے 70 ڈالر فی شیئر کی قیمت پر 1.7 بلین ڈالرکا سرمایہ حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، جس کے بعد رواں سال فروری میں اسپیس ایکس کے شیئرز کی قدر میں جو کمی دیکھنے میں آئی تھی اس میں 25 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ رواں سال فروری میں اسٹاک مارکیٹ میں اسپیس ایکس کے شیئرز کی قدر 56 ڈالرز فی شیئر تک پہنچ گئی تھی۔

رپورٹ کے مطابق حالیہ برسوں میں اس قدر میں مسلسل اضافہ ہی ہوا ہے کیونکہ اسپیس ایکس نے اپنی اگلی نسل کے اسٹار شِپ راکٹ اور اس کے اسٹار لنک گلوبل سیٹلائٹ انٹرنیٹ نیٹ ورک پر کام کرنے کے لیے اربوں روپے اکٹھے کیے ہیں۔خیال رہے کہ ایلون مسک نے کچھ دنوں پہلے اپنے ایک ٹوئٹ میں ہراسگی کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ایلون مسک نے جب اپنی کمپنی میں ملازم کو مبینہ طور پر ہراساں کیا تو اس وقت وہ اداکارہ امبر ہرڈ کو ڈیٹ کررہے تھے۔