محکمہ فشریز نے جال کے ذریعے مچھلی پکڑنے اور چھلکے والی مچھلی بازار میں فروخت کرنے پر تین ماہ کیلئے پابندی لگا دی

جون تا اگست کا عرصہ مچھلی کی افزائش نسل کا موسم ہوتا ہے ‘اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز مہر معوذ اسلم

پیر 23 مئی 2022 17:00

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) محکمہ فشریز نے جال کے ذریعے مچھلی پکڑنے اور چھلکے والی مچھلی بازار میں فروخت کرنے پر تین ماہ کیلئے پابندی لگا دی ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل فشریز پنجاب ڈاکٹر سکندر حیات کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز قصور مہر معوذ اسلم نے نیلام شدہ سرکاری آب ہائے سے بذریعہ جال مچھلی پکڑنے اور بازار میں فروخت کرنے پر تین ماہ یکم جون تا 31اگست 2022تک پابندی لگا دی ہے اور ضلعی سطح پر چیکنگ ٹیمیں بھی تشکیل دیدی ہیںجو اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائینگی اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی ۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہر معوذ اسلم کے مطابق یہ تین ماہ کا عرصہ مچھلی کی افزائش نسل کا موسم ہوتا ہے اور اس دوران جال کے ذریعے مچھلی پکڑنا اور منڈی میں بیچنا قانونی خلاف ورزی ہے تا ہم اس عرصہ کے دوران فش فارمرزبھی اپنے پرائیویٹ فارمز سے مچھلی پکڑنے کیلئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز سے اجازت لینے کے پابند ہونگے خلاف ورزی کی صورت میں محکمہ فشریز قانونی کاروائی کریگا۔