ایبٹ آباداورہری پورمیں 5روزہ پولیومہم کاآغاز

پیر 23 مئی 2022 17:00

ایبٹ آباداورہری پورمیں 5روزہ پولیومہم کاآغاز
ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) ایبٹ آباداورہری پورمیں 5روزہ انسداد پولیومہم کاآغازہوگیا جو 27مئی تک جاری رہے گی ۔ ضلع ایبٹ آباد میں پولیو مہم کے دوران ایک ہزار پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں ،پولیو مہم کے پرامن انعقاد اور پولیو ٹیموں کی سکیورٹی کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بروقت نمٹنے کے لیے ریپڈ رسپانس یونٹ کے دستے شہر بھر میں مسلسل گشت پر رہیں گے، مخصوص اوقات میں شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں عمل میں لائی جائیں گی نیز پولیو ٹیموں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ہر ٹیم کے ساتھ پولیس کے جوان اپنے فرائض سرانجام دیں گے،پولیو ٹیموں کی حفاظت پر لیڈیز پولیس، ضلعی پولیس، ایلیٹ فورس کی ایک ہزار خواتین و مرد پولیس افسران اور جوان اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع ہری پورمیں بھی پرامن انسداد پولیو مہم کے لئے ہری پور پولیس نے سیکورٹی پلان جاری کردیا ہے جس کے تحت پولیو ٹیموں کے ساتھ 700 سے زائد پولیس افسران و جوان اور لیڈیز پولیس تعینات کی گئی ہیں، پولیو مہم کے سلسلہ میں ضلع ہری پور کو 4 سیکٹراور11 سب سیکٹر پر تقسیم کیا گیا ہے۔ سرکل ڈی ایس پیز پولیو ٹیموں کے سکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی کریں گے، پولیو مہم کے لئے ایڈیشنل ایس پی ہری پور محمدایاز کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ پولیس، لیڈی پولیس افسران اور ایلیٹ فورس بھی تعینات کی گئی ہے جبکہ ضلع بھر کے تمام داخلی و خارجی راستوں اور تھانہ جات کی حدود میں مختلف مقامات پر ناکہ بندیوں کو مزید موئثر کرتے ہوئے چیکنگ کا عمل مزید سخت بنایا جائے گا۔

ڈی پی او ہری پور نے انسداد پولیو مہم کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے متعلقہ علاقوں کا دورہ کیااور ڈیوٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو ہدایت دی کہ تمام پولیو ٹیموں کے ساتھ تعینات افسران اور جوان الرٹ ہو کر فرائض سر انجام دیں تاکہ پر امن طریقے سے پولیو مہم اختتام پذیر ہو سکے۔ اُنھوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنےبچوں کو پولیو کے قطرے پلوائیں، پولیو ٹیموں اور ان کے ساتھ سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں کے ساتھ تعاون کریں۔