تھر، مٹھی ، نگر پارکر سمیت تمام سندھ میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے، ناصر حسین شاہ

مقامی این جی اوز اور علاقائی نمائندگان کی مشاورت کے ساتھ حکمت عملی تشکیل دی جائے، وزیر بلدیات سندھ

پیر 23 مئی 2022 17:28

تھر، مٹھی ، نگر پارکر سمیت تمام سندھ میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) وزیر بلدیات و پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سندھ سید ناصر حسین شاہ نے تھر، مٹھی، اسلام کوٹ، نگر پارکر سمیت صوبے کے تمام علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے لئے طویل مدتی بنیادوں پر حکمت عملی تشکیل دینے اور اس پر فوری عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ان خیالات کا اظہار ناصر حسین شاہ نے اپنے دفتر میں منعقدہ میٹنگ کے دوران کیا جس میں سیکرٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ، سیکرٹری پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سمیت پانی کی کمی سے متاثرہ علاقوں کے منتخب نمائندگان بھی موجود تھے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ تھر باسیوں کو پانی کی کمی کے حوالے پیش آنے والی پریشانیوں سے مکمل طور پر آگاہ اور باخبر ہے لہذا چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایت پر ہنگامی بنیادوں پر تھر اور متعلقہ علاقوں میں پانی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے جامع اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری بلدیات انجنیئر سید نجم احمد شاہ نے وزیر بلدیات سندھ کو تجویز دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی کمی کو فوری پورا کرنے کے لئے پائپ لائن میں موجود گزشتہ تمام پراجیکٹس کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور مقامی این جی اوز اور منتخب نمائندگان کو سارے مراحل میں آن بورڈ رکھا جائے۔ وزیر بلدیات سندھ نے سیکرٹری بلدیات نجم احمد شاہ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے فوری طور پر ماضی کے رکے ہوئے منصوبے مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں اور وسائل کی کمی پورا کرنے کے لئے خصوصی گرانٹ فراہم کرنے کا بھی عندیہ دیا۔

اجلاس میں موجود پاکستان مسلم لیگ کے رہنما رمیش کمار نے کہا کہ حکومت سندھ کی مدد اور رہنمائی کے لئے وہ ایک ہفتے کے اندر حقائق و مسائل پر مشتمل فزیبلٹی رپورٹ شیئر کریں گے جس سے مسائل کو حل کرنے میں خاطر خواہ مدد حاصل ہوسکے گی۔ ناصر حسین شاہ نے رمیش کمار کے جذبے کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور سیکرٹری بلدیات سندھ نجم احمد شاہ کو معزز مہمان کے ساتھ کووآرڈینیشن قائم رکھنے کی ہدایت کی۔

میٹنگ کے دوسرے مرحلے میں وزیر بلدیات سندھ نے حیدر آباد و دیگر اضلاع میں جاری ترقیاتی کاموں کے تعطل کو ختم کرنے کے لئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیں اور سیکرٹری بلدیات انجینئر سید نجم احمد شاہ سے مستقل بنیادوں پر رہنمائی لینے کا مشورہ دیا۔اختتامی کلمات میں سید ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ چاہے کراچی ہو حیدر آباد یا پھر سکھر، حکومت سندھ منصفانہ بنیادوں پر صوبے میں ترقیاتی کاموں کا فروغ اور پھیلاو چاہتی ہے اور بلا تفریق رنگ و نسل بے لوث انسانی خدمت ہی پاکستان پیپلز پارٹی کا مشن و منشور ہے جس پر من و عن عمل کیا جائے گا۔