پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹونٹی کرکٹ میچز کی سیریز 24مئی سے شروع ہوگی

پیر 23 مئی 2022 17:32

پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز کرکٹ ٹیموں کے مابین تین ٹی ٹونٹی کرکٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) سائوتھ اینڈ کلب کراچی میں تین روزہ سخت تربیتی مشقوں کے بعد پاکستان اور سری لنکا کی ویمنز کرکٹ ٹیمیں 24 مئی بروز منگل سے ٹی 'ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز میں مدمقابل ہوں گی۔سیریز میں پاکستان ویمنز کی قیادت بسمہ معروف اور سری لنکا ویمنز ٹیم کی کپتانی چماری اتا پاتو کریں گی۔ترجمان پی سی بی کے مطابق یہ پہلا موقع ہوگا کہ جب پاکستان اور سری لنکا کی خواتین ٹیمیں پاکستان میں کسی ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچ میں مدمقابل آئیں گی۔

اس سے قبل دونوں ٹیمیں اب تک 13 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز میں مدمقابل آچکی ہیں جہاں چھ مرتبہ پاکستان اور چھ مرتبہ سری لنکن ٹیم فاتح رہی۔ ایک میچ بے نتیجہ ختم ہوا۔ترجمان کے مطابق سیریز کے میچز 24، 26 اور 28 مئی کو سائوتھ اینڈ کلب کراچی میں کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

یہ تمام میچز دوپہر 2 بجے شروع ہوں گے اور پی ٹی وی اسپورٹس پر براہ راست نشر کیے جائیں گے۔

آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پاکستان ساتویں جبکہ سری لنکا آٹھویں نمبر پر ہے۔ پاکستان کی انعم امین اور ڈیانا بیگ کا اس طرز کی کرکٹ کی درجہ بندی میں پہلی دس خواتین بالرز میں شمار ہوتا ہے۔ مہمان اسکواڈ کی کپتان اتا پاتو بیٹرز کی رینکنگ میں آٹھویں اور آل رائونڈرز کی فہرست میں ساتویں نمبر پر براجمان ہیں جبکہ آل رائونڈرز کی درجہ بندی میں پاکستان کی ندا ڈار کا نواں نمبر ہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ یہ 16 سال بعد سری لنکن ویمنز کرکٹ ٹیم کا پہلا دورہ پاکستان ہے۔سیریز کے حوالے سے پاکستانی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف نے کہا کہ وہ سری لنکا کے خلاف شاندار سریز کی منتظر ہیں، ورلڈکپ کے بعد اب یہ سیریز پاکستان ویمنز ٹیم کے لیے ایک نئی شروعات ثابت ہوگی،رواں سال پاکستان ویمنز ٹیم کو بہت سیریز کھیلنی ہیں، سری لنکا کے خلاف یہ سیریز کامن ویلتھ گیمز کی تیاری میں معاون ثابت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ سیریز جونیئر کھلاڑیوں کے لیے اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع ثابت ہوگی،ان کنڈیشنز میں سری لنکا کی ٹیم آسان حریف نہیں ہوگی۔سری لنکن ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان چماری اتاپاتو کہنا ہے کہ وہ پاکستان کی سرزمین پر اس کی مضبوط خواتین ٹیم کے خلاف سیریز کھیلنے کے لیے بہت پرجوش ہیں، دونوں ممالک کے مابین تعلقات ہمیشہ دوستانہ رہے ہیں، یقین ہے کہ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز شاندار رہے گی۔انہوں نے کہاکہ سری لنکا ویمنز ٹیم میں سینئرز اور جونیئرز کا بہترین توازن موجود ہے اور امید ہے ان کی ٹیم عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔