صوبہ پنجاب میں 36 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت ہوچکی ہے،سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب

پیر 23 مئی 2022 19:26

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب ثاقب علی عطیل نےکہا ہےکہ صوبہ پنجاب میں 36 لاکھ ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کاشت ہوچکی ہے جو مقرر کردہ ہدف کا 90 فیصد ہے۔ابھی کپاس کی کاشت کا سلسلہ جاری ہے۔جس سے ہدف باآسانی حاصل ہوجائے گا۔ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نےمینگو ریسرچ انسٹیٹیوٹ کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔

اجلاس میں کپاس کی موجود ہ صورت حال اور فصل پرکیڑوں کے حملہ کا جائزہ لیا گیا جبکہ کپاس کی بہتر نگہداشت کیلئے ماہرین کی مشاورت سے سفارشات بھی مرتب کی گئیں۔اس موقع پرثاقب علی عطیل نے مزیدکہاکہ جنوبی پنجاب میں کپاس کے 121 نمائشی پلاٹس لگائے گئے ہیں۔ان پلاٹس میں ضرررساں کیڑوں کے کنٹرول کیلئے آئی پی ایم ٹیکنیکس پر عملدرآمد کیا جارہاہے اور کاشتکاروں کو بھی اس بارے ترغیب دی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ ہیٹ ویو ایک چیلنج ہے جس کے مختلف علاقوں میں کپاس کی فصل پر مختلف اثرات مشاہدہ میں آئے ہیں۔ثاقب علی عطیل نےکہاکہ فصل کی صحت پر زیادہ سے زیادہ فوکس کیا جائے۔اگیتی کاشتہ فصل پرسفید مکھی،جیسڈ اور تھرپس کے ہاٹ سپاٹس کی بروقت ٹریٹمنٹ انتہائی ضروری ہے۔ ہاٹ سپاٹس ترجیحاً بوٹینکل محلول سے ٹریٹ کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال محکمہ زراعت کے ساتھ ساتھ زرعی یونیورسٹیوں کے طلباء بھی کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے فیلڈ میں موجود رہیں گے۔

سیکرٹری زراعت جنوبی پنجاب نے کہا زرعی گریجوایٹس کو تربیت کے بعد فیلڈ میں کاشتکاروں کی رہنمائی کیلئے بھیجا جائے۔ طلباء کو ان کے آبائی علاقوں میں ہی تعینات کیا جائے۔ سیکرٹری زراعت نے کہا کہ موجودہ ہیٹ ویو کے پھلوں، فصلوں اور سبزیوں پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں ان سے بچاؤ کیلئے مخصوص ایڈوائزری دی جائے جس پر کاشتکاروں کو عملدرآمد کرایا جائے۔

متعلقہ عنوان :