پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن عازمین حج کی سہولت کے لئے حجاز مقدس کے لئے حج آپریشن کا آغاز31 مئی سے کرے گا، خواجہ سعد رفیق

پیر 23 مئی 2022 19:46

پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن  عازمین حج کی سہولت کے لئے حجاز مقدس کے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن (پی ائی اے) عازمین حج کی سہولت کے لئے حجاز مقدس کے لئے حج آپریشن کا آغاز31 مئی سے کرے گا، حج آپریشن کے تحت پاکستان کے8 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی اے انتظامیہ کی حج آپریشن اور دیگر اہم امور سے متعلق بریفنگ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کو پی آئی اے حکام نے حج آپریشن، مذہبی زیارات اور اندرون و بیرون ملک سیاحت کے فروغ، فضائی بیڑے میں اضافے جیسے اہم معاملات پر بریفنگ دی۔ پی آئی اے منصوبے کے مطابق31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گا، سعودی عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کے297 پروازوں پر مشتمل فضائی آپریشن31 مئی تا 13 اگست تک جاری رہے گا۔ وزیر ہوابازی نے ہدایت کی کہ پی آئی اے اس مقصد کیلئے1 بوئنگ 777 اور 1 ائیربس320 کو سٹوریج سے نکالے۔4 ائیربس320 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا ہے جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلئرنس کروائی جارہی ہے جبکہ دوسرا طیارہ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گا۔

وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک میں وسعت کیلئے مددگار ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پی آئی اے زائرین کی سہولت کیلئے دمشق اور نجف الاشرف کے فضائی آپریشن کو بھی وسعت دے رہا ہے ، وفاقی وزیر کی ہدایات کی روشنی میں عاشورہ اور اربعین کے موقع پر پی آئی اے دمشق اور نجف کی اضافی پروازیں بھی چلائے گا، پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے نے باکو (آذربائیجان)کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے، سکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار2 پروازیں چلائی جارہی ہیں ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جارہا ہے۔وفاقی وزیر نے پی اائی اے کو ہدایت کی کہ کارگو کے شعبے پر خصوصی توجہ دے اور اس کے فروغ کیلئے ٹھوس اقدامات پر مشتمل سفارشات لے کر آئے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پی آئی اے اپنے بزنس کلاس پروڈکٹ کو بہتر بنانے کیلئے کراچی، لاہور اور اسلام آباد ائیرپورٹس پر بزنس کلاس لاوئنجز کی تزین و آرائش کرائے۔