خوراک و زراعت کے عالمی ادارے کی جانب سے زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس عمر کوٹ میں آٹومیٹک موسمیاتی اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ

پیر 23 مئی 2022 19:56

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے خوراک و زراعت (ایف اے او) نے سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی ٹنڈوجام کے عمرکوٹ سب کیمپس میں "موسمیاتی اسٹیشن" قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایف اے او کی جانب سے سانگھڑ، عمر کوٹ اور بدین کے منتخب کردہ اضلاع میں ایف اے او، حکومت سندھ کے تعاون سے گرین کلائمیٹ فنڈ کی مالی مدد کے تحت "موسمیاتی لچکدار زراعت اور پانی کے انتظام کے ساتھ سندھ طاس کو تبدیل کرنا" کے نام سے پروجیکٹ شروع کیا جارہا ہے۔

اس ضمن میں ایف اے او کے زرعی موسمیات کے ماہر ڈاکٹر جارج الوار، گرین کلائمیٹ فنڈ (جی سی ایف) کے صوبائی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اشفاق احمد، اور پاکستان کے محکمہ موسمیات کے ڈئریکٹر پلاننگ ڈاکٹر طارق نے عمر کوٹ میں سندھ زرعی یونیورسٹی کے سب کیمپس کا دورہ کیا اور سب کیمپس کے مختلف شعبوں کے بارے میں بریفنگ حاصل کی اور سب کیمپس کی لوکیشن کو مدنظر رکھتے ہوئے سندھ ایگریکلچر یونیورسٹی کے سب کیمپس عمرکوٹ میں میٹرولوجیکل اسٹیشن قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پرسب کیمپس کے اساتذہ اور و انتظامیہ سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر جارج الوار نے کہا کہ یواین کا ادارہ عمر کوٹ کیمپس میں آٹومیٹک موسمیاتی اسٹیشن قائم کرنے کا منصوبہ بنا رہا ہے، اس سے موسم کے حوالے سے حقیقی ڈیٹا اکٹھی کرنے میں مدد ملے گی اور یونیورسٹی کے طلباء کو بھی اپنے تحقیقی تجزیہ کے لیے اس ڈیٹا کا ترجمہ کرنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یو این ایف اے او سب کیمپس کی مدد کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا، ساتھ ہی ساتھ طلبہ کو انٹرن شپ اور تحقیقی معاونت بھی فراہم کرے گا۔ڈاکٹر اشفاق احمد نے بتایا کہ یہ منصوبہ آب و ہوا کی تبدیلی کے لیے سندھ طاس میں سب سے زیادہ کمزور کاشتکار برادری کے درمیان زرعی پائیداری کو بڑھانے اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے کاشتکارو اور مقامی کمیونٹیز کی آگہی میں معاونت کریگا۔

اس موقع پر کیمپس کی فیکلٹی نے ایف اے او کی کاوشوں کو سراہا اور مشترکہ سرگرمیوں کے لیے مکمل تعاون کو یقینی بنایا۔اس موقع پر ایس اے یو سب کیمپس سے ڈاکٹر ریما وسطڑو، ڈاکٹر شعیب ھکڑو، ڈاکٹر عبدالحفیظ، ڈاکٹر ایاز سومرو، اور ایف اے او اور دیگر شعبہ جات سے کلتار گل، طاہر احمد چوہدری، نجیب احمد ناگراج اور دیگر موجود تھے۔