Live Updates

لاہور ہائی کورٹ :پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے افسران کے تبادلوں کے خلاف درخواست سماعت کے لیے منظور

پیر 23 مئی 2022 20:53

لاہور ہائی کورٹ :پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے افسران کے تبادلوں کے خلاف ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2022ء) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے افسران کے تبادلوں کے خلاف درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے ہیںکہ اس درخواست کو بھی اسی نوعیت کی دیگر درخواستوں کے ساتھ سنا جائے گا۔لاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے ایڈوکیٹ اظہر صدیق کی وزیراعلی پنجاب حمزہ شہباز کی جانب سے افسران کے تبادلوں کے خلاف درخواست پرسماعت کی۔

چیف جسٹس محمد امیر بھٹی نے درخواست گزار سے استفسار کیا کہ درخواست میں آپ کی استدعا کیا ہی ۔درخواست گزار کے وکیل نے بتایا کہ وزیراعلی غیر قانونی طور پر ٹرانسفر پوسٹنگ کررہے ہیں۔فاضل عدالت کو بتایاگیا کہ اس سے متعلق درخواست پہلے ہی عدالت میں آچکی ہے اور وہ متاثرہ فریق نے دائر کی ہے،اب سارے پاکستان نے تو ایک ہی ایشو پر درخواست دائر نہیں کرنی۔

(جاری ہے)

اظہر صدیق ایڈوکیٹ نے بتایا کہ میرا کیس دیگر درخواست گزاروں سے مختلف ہے،میں نے پہلے چیف سیکرٹری کو لکھا مگر انہوں نے ایکشن نہیں لیا اور پھر اس عدالت کے پاس آیا ہوں۔صوبے میں کوئی کابینہ نہیں اور حکومت مکمل ہی نہیں ہے،ٹرانسفر اور پوسٹنگ نہیں ہوسکتی ۔چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ صوبے میں وزیراعلی تو ہیں،پی ٹی آئی ، (ن) لیگ،پیپلز پارٹی کے دور نکال کر دیکھ لیں،سارے مرضی کے ٹرانسفر پوسٹنگ نہیں کرتے۔لاہور ہائیکورٹ نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ اس درخواست کو بھی اسی نوعیت کی دیگر درخواستوں کے ساتھ سنا جائے گا۔فاضل عدالت کے کیس کی مزید سماعت 25مئی تک ملتوی کر دی ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات