ہزارہ یونیورسٹی میں طلبا پر تشدد میں ملوث ملزمان کے خلاف پولیس کی کارروائی قابل ستائش ہے، سردار حسین بابک

پیر 23 مئی 2022 21:43

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2022ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ ہزارہ یونیورسٹی میں طلبا پر تشدد میں ملوث ملزمان کی گرفتاری قابل ستائش ہے۔ خیبر پختونخوا پولیس کو بروقت کارروائی پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری بیان میں صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کے تعلیمی ادارے اپنی ایک سنہری تاریخ رکھتے ہیں۔

تعلیمی اداروں میں تعلیمی ماحول کو خراب کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔

(جاری ہے)

طلبہ و طالبات کو پرامن تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داراری ہے۔ تعلیم اور تعلیمی اداروں کی اہمیت کا ادراک اے این سے بہتر کوئی نہیں کرسکتا۔ یہ ہمارے تعلیمی ادارے ہی ہیں جہاں سے ہمارے مستقبل کے معمار تیار ہوکر نکلتے ہیں اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ملزمان کے خلاف بروقت اقدامات پر آئی جی پی خیبر پختونخوا کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اے این پی تعلیمی اداروں میں بہتر تعلیمی ماحول کیلئے اپنی تمام تر ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔ امید کرتے ہیں کہ تعلیمی اداروں کے ماحول کو خراب کرنے والوں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔