پی آئی اے منصوبے کے مطابق31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گا

حج آپریشن پاکستان کے 8 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا،انتظامیہ کی وفاقی وزیر ہوابازی کو بریفنگ

پیر 23 مئی 2022 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) پی آئی اے منصوبے کے مطابق31 مئی سے حج آپریشن کا آغاز کرے گا۔حج آپریشن پاکستان کے 8 شہروں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، سیالکوٹ، ملتان، پشاور اور کوئٹہ سے کیا جائے گا۔یہ بات پی آئی اے انتظامیہ نے وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کو بریفنگ دیتے ہوئے بتائی ۔پی آئی اے انتظامیہ نے وفاقی وزیر کو آگاہ کیا کہ سعودیہ عرب میں حج پروازیں جدہ اور مدینہ منورہ جائیں گی ۔

پی آئی اے کا فلائیٹ آپریشن 297 پروازوں کے ذریعے 31 مئی تا 13 اگست تک جاری رہے گا۔4 ائیربس 320 طیارے پی آئی اے کے فضائی بیڑے میں شامل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔ایک طیارہ گزشتہ ہفتے پاکستان پہنچ گیا ہے جس کی کسٹم اور ایف بی آر سے کلئرنس کروائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

دوسرا طیارہ اس ماہ کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گا۔پاکستانی سیاحوں کی سہولت کی خاطر پی آئی اے نے باکو (آذربائجان)کی پروازوں کو بھی دگنا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔

شمالی علاقہ جات میں سیاحت کے فروغ کیلئے سکردو، گلگت اور چترال کی پروازوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جارہا ہے۔سکردو کی ہفتہ وار 18، گلگت کی ہفتہ وار 24 اور چترال کی ہفتہ وار 2 پروازیں لگائی جارہی ہیں۔ان پروازوں کو اسلام آباد کے علاوہ کراچی، لاہور اور ملک کے دیگر شہروں سے بھی منسلک کیا جارہا ہے۔ وفاقی وزیر سعد رفیق نے ہدایت کی کہعاشورہ اور اربعین کے موقع پر پی آئی اے دمشق اور نجف کی اضافی پروازیں بھی چلائے ۔

انہوںنے کہا کہ اضافی جہازوں کی بیڑے میں شمولیت سے فضائی آپریشن کو تقویت ملے گی اور نیٹ ورک کی وسعت میں مددگار ثابت ہو گی کارگو کے شعبے پر خصوصی توجہ دے اور اس کے فروغ کیلئیٹھوس اقدامات پر مشتمل سفارشات لے کر آئے ۔پی آئی اے اپنے بزنس کلاس پروڈکٹ کو بہتر بنانے کیلئے کراچی، لاہور اور اسلام آبادائیرپورٹس پر بزنس کلاس لاوئنجز کی تزین و آرائش کروائے ۔