16سالہ علی حسن تائی کوانڈو جیسے مشکل کھیل میں بلیک بیلٹ حاصل کرکے خصوصی افراد کے لیے مشعل راہ بن گیا

پیر 23 مئی 2022 23:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2022ء) کراچی سے تعلق رکھنے والا 16 سالہ علی حسن تائی کوانڈو جیسے مشکل کھیل میں بلیک بیلٹ حاصل کرکے خصوصی افراد کے لیے مشعل راہ بن گیا۔نویں جماعت کے طالب علم علی حسن نے پیدائشی معذور ہونے کے باوجود معاشرتی رویوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی زندگی کو با مقصد بنایا اور تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔

علی حسن کو تائی کوانڈو کے علاوہ کرکٹ سے بھی بے حد لگاؤ ہے اور سپر اسٹار شاہد آفریدی ان کے پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ علی کی ہمت اور لگن نے خود کو محتاج سمجھنے والے خصوصی افراد کو زندگی کا مقصد فراہم کیا ہے۔حسن کا کہنا تھا کہ بچپن سے دوست ساتھ کھلانے سے انکار کردیا کرتے تھے، دکھ ہوتا تھا لیکن والدین اور بہن نے بہت سپورٹ کیا اور معذوری کو کبھی کمزوری نہیں بننے دیا، کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ یہ بلیک بیلٹ حاصل کرسکوں گا لیکن اللہ کا شکر ہے والدین کی محنت کی بدولت یہ اعزاز ملا ہے۔

(جاری ہے)

علی حسن کی والدہ نے جیو ویب کو بتایا کہ بیٹے کے علاج کی بہت کوشش کی تاہم اس کا علاج پاکستان میں نہیں اور 2020 میں شوہر کے اچانک انتقال کے بعد محدود وسائل کے باعث بیرون ملک سے علاج کرونا ممکن نہ تھا،علی کی تربیت میں بہت مشکلات اور دشواریاں پیش آئیں تاہم ماں ہونے کی حیثیت سے کبھی ہمت نہیں ہاری اور ہمیشہ بیٹے کا ساتھ دیا۔علی کی والدہ کے مطابق خواہش تھی کہ دوسرے بچوں کی طرح میرا بیٹا بھی کھیلے اور معاشرے میں اپنا مقام بنائے، ذہین ہونے کی وجہ سے علی کلاس میں ہمیشہ پہلی پوزیشن حاصل کرتا ہے، سیکڑوں سرٹیفکیٹس اور میڈلز اس کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

بھائی کو درپیش مسائل پر علی کی بہن کا کہنا تھاکہ سفر کرنے کیلئے علی کو بہت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اکثر رکشہ میں چڑھتے ہوئے کپڑے پھٹ جاتے ہیں جو تکلیف کا باعث ہے، میری خواہش ہے سواری کا انتظام ہوجائے تاکہ بھائی آرام سے سفر کرسکے۔معذوری کے باوجود علی نے ثابت کر دکھایا کہ کچھ کرنے کی جستجو ہو تو کچھ بھی ناممکن نہیں ہے، خواہ وہ تعلیم ہو یا کھیل کا میدان، اگر معاشرہ خصوصی افراد کو عام انسان تصور کرے تو علی جیسے ہزاروں بچے کبھی بھی معذوری کو محتاجی نہ سمجھیں۔