قائمقام گورنر خیبر پختونخوا کی زیر صدرارت ہلال احمر پاکستان برائے ضم اضلاع کا پانچواں سالانہ اجلاس

پیر 23 مئی 2022 23:45

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) قائمقام گورنر خیبر پختونخوا مشتاق احمد غنی کی زیر صدرارت ہلال احمر پاکستان برائے ضم اضلاع کا پانچواں سالانہ اجلاس پیر کے روز گورنر ہاوس پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں آئندہ 3 برس2023-25 کیلئے آصف خان محسود کی بطور چیئرمین پی آر سی ایس ضم اضلاع منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پی آر سی ایس ضم اضلاع کے بورڈ اراکین کی بھی آئندہ 2 برس کیلئے منظوری دی گئی۔

اجلاس میں چیئرمین آصف خان محسود نے ہلال احمر پاکستان برائے ضم اضلاع کی تین سالہ رپورٹ پیش کی۔قائمقام گورنر نے ہلال احمر پاکستان کی قبائلی اضلاع میں بہترین خدمات کو سراہا۔اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے چیئرمین پی آر سی ایس آصف خان محسود نے اجلاس کو بتایا کہ کورونا وبا کے دوران ہلال احمر کے رضاکاروں نے 3 لاکھ سے زائد لوگوں کی اسکریننگ کی جبکہ کورونا وبا کے دوران متاثرہ خاندانوں میں 3 ملین روپے سے زائد رقم بھی دی گئی۔

(جاری ہے)

ہسپتالوں کو پی پی ایز، ماسکس، اور سینیٹایزر جبکہ عام لوگوں میں ہائیجن کٹس اور خوراکی اشیاءبھی تقسیم کی گئیں۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ قبائلی اضلاع میں مقیم20ہزار سے زائد افغان مہاجرین و عام شہریوں کو کورونا ویکسن بھی لگوائی جا چکی ہے۔ ہلال احمر پاکستان قبائلی اضلاع میں8 بنیادی صحت مراکز چلا رہا ہے۔قائمقام گورنر مشتاق احمد غنی کا کہنا تھا کہ ہلال احمر پاکستان قبائلی اضلاع میں عوام کی فلاح و بہبود کا کام کررہی ہے،حکومت ہلال احمر پاکستان کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہلال احمر پاکستان نے ہر مشکل گھڑی میں حکومت اور عوام کے ساتھ تعاون کیا ہے۔