Live Updates

حکومت کا لانگ مارچ کو ہینڈل کرنے سے متعلق فائنل فیصلہ ہوچکا ہے، رانا ثناءاللہ

فیصلے کو عملدرآمد سے قبل افشاں نہیں کریں گے، فیصلے پر مکمل عملدرآمد کیا جائے گا، موجودہ حالات میں حکومت نہیں چھوڑ سکتے، آئینی مدت پوری کریں گے۔ وفاقی وزیرداخلہ کی گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 23 مئی 2022 20:14

حکومت کا لانگ مارچ کو ہینڈل کرنے سے متعلق فائنل فیصلہ ہوچکا ہے، رانا ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 مئی 2022ء) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ حکومت کا لانگ مارچ کو ہینڈل کرنے سے متعلق فائنل فیصلہ ہوچکا ہے، فیصلے کو عملدرآمد سے قبل افشاں نہیں کریں گے، فیصلے پرمکمل عملدرآمد کیا جائے گا،موجودہ حالات میں حکومت نہیں چھوڑ سکتے، آئینی مدت پوری کریں گے۔ انہوں نے سماء نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی مدت کا فیصلہ اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا فیصلہ ہے، حکومت کی اتحادی جماعتوں کے سربراہان کا کل اجلاس ہوا، جس میں فیصلہ ہوا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔

عمران خان کا پھیلا یا گند اٹھانے کو تیار نہیں ہیں،لیکن یہ ریاست ہم سب کا ملک ہے، اس کو چھوڑ کرکہاں جائیں گے؟اگر ان حالات میں چھوڑتے ہیں اور حالات کو درست کرنے کا چارہ نہیں کرتے تو کہاں جائیں گے؟ اس حکومت میں ساری جماعتیں موجود ہیں، بلوچستان کی جماعتیں، ایم کیوایم ، پیپلزپارٹی ساری جماعتیں ہیں، اس حکومت کو اگر اتنی بڑی اتحادی حکومت لے کر نہیں چل سکتی تو حالات کو کون درست کرے گا؟رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت کالانگ مارچ سے متعلق فائنل فیصلہ ہوچکا ہے، فیصلے پر عملدرآمد کرانے کی ذمہ داری میری ہے، فیصلہ بتانے کی ضرورت نہیں ہے، فیصلے پر عملدرآمد سے پہلے اس کو بتایا نہیں جاسکتا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے منصوبہ بندی کرلی ہے، اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے پولیس حکام کی مشاور ت کے ساتھ تجاویز مرتب کرکے وزارت داخلہ کو بھجوا دی ہیں۔پی ٹی آئی کے لانگ مارچ سے نمٹنے کیلئے وزارت داخلہ سے سفارش کی گئی ہے کہ 22ہزار اہلکار تعینات کیے جائیں گے، سیکیورٹی نفری دیگر صوبوں سے بھی طلب کی گئی ہے،لانگ مارچ کو کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب پولیس کے 8ہزار اہلکار اور 2ہزار اینٹی رائٹ اہلکار اور500خواتین اہلکار بھی تعینات کیے جائیں گے۔

اسی طرح ضلعی انتظامیہ نے 2ہزار سے زائد فرنٹیئرکانسٹیبلری اہلکار اور سندھ سے 2ہزار پولیس اہلکار طلب کیے گئے ہیں،شرکاء احتجاج سے نمٹنے کیلئے 4ہزار رینجرز اہلکار بھی طلب کرلیے گئے ہیں۔تمام صوبوں کی نفری مکمل کمانڈ سسٹم کے تحت طلب کی گئی ہے۔بتایا گیا ہے کہ مختلف صوبوں سے 100 قیدی وین منگوائی گئی ہیں، مظاہرے کو منتشر کرنے کیلئے 15ہزار آنسو گیس کے شیل بھی منگوائے گئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات