عالمی برادری کی مستقل اور دانشمندانہ بات چیت سے پرامن ، مستحکم، جمہوری اور خوشحال افغانستان کے مشترکہ اہداف کے حصول میں مدد ملے گی، حنا ربانی کھر

منگل 24 مئی 2022 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ عالمی برادری کی مستقل اور دانشمندانہ بات چیت سے پرامن ، مستحکم، جمہوری اور خوشحال افغانستان کے مشترکہ اہداف کے حصول میں مدد ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر افغانستان ، آگے بڑھنے کا راستہ کے موضوع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افغانستان کے ساتھ 2600 کلو میٹر طویل سرحد ہے۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ سرحد کو امن، سلامتی اور سماجی و معاشی ترقی سمیت دیگر پہلوئوں کے تناظر میں دیکھتا ہے۔ پیر کو وزارت خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت نے کہا کہ ایسا ملک جس میں خواتین کو زندگی کے تمام شعبوں میں مساوی اور موثر کردار کا حق حاصل ہو پاکستان خواتین اور لڑکیوں کے بنیادی حقوق بالخصوص تعلیم کے حق کا مکمل احترام کرتا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کو افغانستان کے عام عوام کی زندگی اور ضروریات زندگی سے متعلق معاشی مسائل اور سنگین انسانی بحران کی صورتحال کے تباہ کن اثرات پر گہری تشویش ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں عالمی برادری اور عبوری افغان حکومت کو عام ا فغانوں کی خواہشات اور مفادات کے تحفظ کیلئے اپنی سوچ پر نظرثانی کرنی چاہئے۔ یہ پہلے سے تباہ حال معاشی صورتحال کو مزید خراب ہونے سے بچانے کیلئے ناگزیر ہے۔