زرعی ترقی کیلئے بہتر پیدوار کی حامل اور بیماریوں کے خلاف زیادہ قوت مدافعت رکھنے والی اجناس و لائیوسٹاک کی اعلیٰ نسلوں کے حصول کے لئے جدید رجحانات بشمول جینوم ایڈیٹنگ کا فروغ نا گزیر ہے:وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 24 مئی 2022 11:41

زرعی ترقی کیلئے بہتر پیدوار کی حامل اور بیماریوں کے خلاف زیادہ قوت ..
فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 مئی2022ء) زرعی ترقی کیلئے بہتر پیدوار کی حامل اور بیماریوں کے خلاف زیادہ قوت مدافعت رکھنے والی اجناس و لائیوسٹاک کی اعلیٰ نسلوں کے حصول کے لئے جدید رجحانات بشمول جینوم ایڈیٹنگ کا فروغ نا گزیر ہے۔اس امر کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے جینوم ایڈیٹنگ کے موضوع پرپانچ روزہ عملی تربیت کے افتتاحی سیشن سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب کے دوران کیا۔

ٹریننگ کا انعقاد نیشنل سنٹر فارجینوم ایڈیٹنگ کے زیر اہتمام مرکز اعلیٰ تعلیم خوراک و زراعت کے آڈیٹوریم میں کیا گیا۔ڈاکٹر اقرار احمد خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں پاکستان کونسل آف سائنٹیفک اینڈ انڈسٹریل ریسر چ کی مالی معاونت سے جینوم ایڈیٹنگ سنٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جوکہ زراعت کو جینیاتی جدید ترین سہولیات سے آراستہ کرنے کی جانب ایک اہم  ترین اقدام ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر امان اللہ ملک،ڈین کلیہء زراعت نے کہا کہ کاشتکاروں کو جدید رجحانات سے روشناس کروا کر ہی زرعی ترقی و خوشحالی کے خواب کو شرمندہ تعبیرکیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر زیادہ پیداوار کی حامل زرعی اجناس وقت کی اہم ترین ضرورت ہے جس کے لیے زرعی سائنسدانوں کو اپنی بھر پور کاوشیں بروئے کار لانا ہوں گی۔

ڈائریکٹر کیب ڈاکٹر سرور خاں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ہونے والی تعلیم و تدریس کے عمل کو نا صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر عزت وتکریم کی نظر سے دیکھا جا تا ہے جو کہ کاشتکاروں کے مسائل کے حل کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کر رہی ہے۔ڈاکٹر ظہیر احمد ظہیر نے کہا کہ جینوم ایڈیٹنگ سنٹر کا قیام زرعی ترقی کا ایک نیا باب مرتب کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی میں اربوں روپے کے تحقیقاتی منصوبہ جات پر کام کیا جا رہا ہے جو کہ زراعت کے مسائل حل کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ڈاکٹر جبران طاہر نے  زرعی یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیقاتی عمل کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے زراعت میں جدت کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ پیداوار میں بھی اضافے کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ڈائریکٹر کیس ڈاکٹر سلطان حبیب اللہ نے کہا کہ موجودہ زرعی نظام کو سائنسی بنیادوں پر استوار کر کے ہی فوڈ سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ مرکزبرائے اعلیٰ تعلیم خوراک و زراعت کے ریسرچ ایسوسی ایٹ نہال احمد نے بھی تربیتی ورکشاپ سے خطاب کیا۔