Live Updates

پولیس نے شہید کانسٹیبل پر فائرنگ کرنے والے باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا

فارنزک کے بعد پتہ چلے گا گولی کس نے چلائی۔ پولیس ذرائع

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 24 مئی 2022 11:45

پولیس نے شہید کانسٹیبل پر فائرنگ کرنے والے باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 مئی 2022ء ) صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا ۔پولیس نے شہید کانسٹیبل پر فائرنگ کرنے والے باپ بیٹے کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق فارنزک کے بعد پتہ چلے گا گولی کس نے چلائی۔ڈی جی آپرینشنز کا کہنا ہے کہ قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔

فائرنگ کرنے والوں کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائی کی گئی۔ڈی جی آپریشنز کا کہنا ہے کہ ساجد نامی پی ٹی آئی کارکن کے گھر کی چھت سے فائرنگ کی گئی۔رپورٹس کے مطابق کانسٹیبل کمال احمد کو ماڈل ٹاؤن میں تعینات کیا گیا تھا اس دوران ماڈل ٹاون سی بلاک 112 میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء ساجد بخاری کے گھر کریک ڈاؤن کیا گیا ، کریک ڈاؤن کے دروان چھت سے فائر کیا گیا ، کانسٹیبل کمال احمد کو سینے پر گولی لگی، زخمی کانسٹیبل کو طبی امداد کے لیے لاہور جنرل ہستپال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا ۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ تحریک انصاف کا اسلام آباد مارچ روکنے کیلئے پنجاب میں پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی رہنماوں اور کارکنوں کیخلاف کریک ڈاون شروع کر دیا گیا ہے ، پنجاب پولیس کی جانب سے بڑے پیمانے پر گرفتاریوں کیلئے فہرستیں تیار کی گئی ہیں جس کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کے کئی مقامی رہنما اور کارکنان گرفتار کر لیے گئے ، پنجاب پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے سینئر رہنماوں کی گرفتاریوں کیلئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے گرفتاری کے لیے 4 سرکاری گاڑیوں کی آمد کا دعویٰ کیا ہے ، ایک بیان میں شیخ رشید نے کہا کہ میری گرفتاری کے لیے 4 سرکاری گاڑیاں میرے گھر آئیں، ان گاڑیوں میں سفید کپڑوں میں پولیس اہلکار موجود تھے ، میں انشاء اللہ گھبرانے والا نہیں، گرفتار نہیں ہوں گا اور اپنے وقت کے مطابق اسلام آباد پہنچوں گا ، لال حویلی سے طے شدہ وقت کے مطابق 2 بجے نکلوں گا، اللّٰہ ہمیں کامیابی دے گا، اللّٰہ ہی کے پاس ساری طاقت ہے۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اگر ہم لانگ مارچ نہیں کرتے تو ہمیں خدشہ ہے کہ ہماری آزادی ہمیشہ کے رک جائے گی، لانگ مارچ کو روکنے کی کوشش کی جارہی ہے، وزیرداخلہ کا کریمنل ریکارڈ ہے، انہو ں نے کہا ہم گرفتاریاں کریں گے، جہلم اور اٹک کے پُل پر کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں، 700پی ٹی آئی رہنماؤں کو گرفتار کرنے کا پلان ہے، سوشل میڈیا پر حکومت خلاف بولنے والوں پر پرچے کیے گئے جب کہ اسلام آباد ہائیکورٹ فیصلے میں قرار دے چکی ہے کہ ارکان اسمبلی کو گرفتار کرنے کیلئے پراسس کو فالو کیا جائے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات