اپر کوہستان میں انسداد پولیو مہم جاری، پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے سخت اقدامات

منگل 24 مئی 2022 12:32

اپر کوہستان میں انسداد پولیو مہم جاری، پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے ..
کوہستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) اپر کوہستان میں انسداد پولیو مہم جاری ہے، پولیس کی بھاری نفری سکیورٹی کیلئے تعینات کی گئی ہے۔ ڈی پی او طاہر اقبال نے سکیورٹی کے حوالہ سے مختلف ہسپتالوں اور بی ایچ یوز کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے، پولیس کی جانب سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔

(جاری ہے)

ضلع اپر کوہستان میں انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طاہر اقبال نے سخت سکیورٹی انتظامات کر رکھے ہیں، وہ بذات خود ان تمام انتظامات کی براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ پولیو مہم کے پہلے روز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طاہر اقبال نے داسو اور کمیلا کے مختلف پوائنٹس کے دورے کئے اور ڈیوٹی پر تعینات پولیس افسران و جوانوں اور محکمہ صحت کے عملہ سے ملاقات کر کے انسداد پولیو مہم کے دوران امن و امان کی مجموعی صورتحال برقرار رکھنے اور حفاظتی انتظامات کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

انسداد پولیو مہم کے دوران ضلع بھر کے داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں قائم کر کے مشکوک افراد کی نقل حرکت پر کڑی نگرانی کی جا رہی ہے، ضلع اپر کوہستان میں انسداد پولیو مہم کے پر امن انعقاد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔