تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربندکشمیر ی حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کے لئے مظفرآباد میں ریلی اوردھرنا

منگل 24 مئی 2022 16:23

تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربندکشمیر ی حریت رہنما  یاسین ملک کی ..
مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طورپر نظربندکشمیر ی حریت رہنما محمد یاسین ملک کی رہائی پر زوردینے کے لئے مظفرآبادکے آزادی چوک میں ایک ریلی نکالی گئی اوردھرنا دیاگیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق خواتین سمیت لوگوں کی بڑی تعداد نے بھارت کے خلاف دھرنے میںشرکت کی اور شرکاء نے یاسین ملک اوربھارتی جیلوں میں نظربند دیگر کشمیری رہنمائوں کی تصاویر اٹھارکھی تھیں۔

انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے زیر اہتمام ریلی کے شرکا ء نے بھارت کے خلاف اور یاسین ملک کے حق میں نعرے بازی کی۔ دھرنے سے آزاد جموںوکشمیر کی قانون ساز اسمبلی میں قائد حزبِ اختلاف چوہدری لطیف اکبر ، ریٹائرڈچیف جسٹس محمد ابراہیم ضیا، مشتاق الاسلام، عزیر احمد غزالی، شوکت جاوید ، عبدالرزاق خان،جاوید مغل اوردیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ ریاست جموں کشمیر ناقابل تقسیم اکائی ہے اورکشمیری قیادت کو نظربند کرنا تقسیم ریاست کے خلاف آواز بند کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ متنازعہ ریاست کی قیادت کی گرفتاریوں اور سزا ئوں پر اقوام متحدہ بھارت سے جواب طلب کرے۔انہوں نے کہاکہ بھارت یاسین ملک کے خلاف جھوٹے مقدمے قائم کرکے سزا دلانے کی تیاری مکمل کر چکا ہے اوریاسین ملک کو عمر قید یاسزائے موت بھی دی جا سکتی ہے ۔

مقررین نے کہاکہ بھارت کی عدلیہ نریندر مودی کے کہنے پرچل رہی ہے اورنریندر مودی براہ راست بھارتی عدالتوں کو کنٹرول کررہے ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ ،یورپی یونین اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے مطالبہ کیاکہ وہ یاسین ملک پر لگائے گئے بے نبیاد الزامات اور جھوٹے مقدمات کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہااگر حق خوداردیت کا حق مانگنا جرم ہے تو ہرکشمیری یہ جرم کرتا رہے گا۔مقررین نے کہاکہ کشمیری بھارت سے آزادی چاہتے ہیں اوربھارت کے آئین اور قانون کو نہیں مانتے۔ مقررین نے کہا یاسین ملک کی جدوجہد اقوام متحدہ کے چارٹر کے عین مطابق ہے اور کوئی غاصب ملک ان کا عدالتی ٹرائل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے انسانی حقوق کے کارکن محمد احسن اونتو کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا۔