Live Updates

عدالت نے پولیس کو شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے روک دیا

اسلام آباد ہائی کورٹ نے سربراہ عوامی مسلم لیگ کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس اور ایف آئی اے کو سابق وزیر داخلہ کو 25 مئی تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 24 مئی 2022 16:30

عدالت نے پولیس کو شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے روک دیا
اسلام اباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 24 مئی 2022ء ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے پولیس اور وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کو عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کی گرفتاری سے روک دیا ۔ میدیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کا فیصلہ سابق وزیر داخلہ کی جانب سے اسلام آباد لانگ مارچ سے قبل پولیس کے کریک ڈاؤن اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو ہراساں کرنے کے خلاف اپنے وکیل کے ذریعے درخواست دائر کرنے کے بعد سامنے آیا ، فیصلے میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے شیخ رشید کو کل ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے پولیس ، ایف آئی اے کو سابق وفاقی وزیر کو 25 مئی تک گرفتار کرنے سے روک دیا ۔

خیال رہے کہ پولیس نے شیخ رشید احمد کی گرفتاری کے لیے ان کے گھر پر دو بار چھاپہ مارا ، اس دوران پولیس نے لال حویلی سے عوامی مسلم لیگ کے 6 کارکنان کو گرفتار کرلیا ، گرفتار نوجوان سے پارٹی جھنڈے اور موبائل فون قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ابھی 2 بجے لال حویلی پر پولیس کی بڑی تعداد نے دوبارہ ریڈ کیا ہے اور 6 بے گناہ افراد کو لال حویلی سے گرفتار کر کے اپنے ہمراہ لے گئے ، لال حویلی کے گردونواح میں وردی اور سفید کپڑوں میں پولیس کو تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ کل 2 بجے نکلنے والی آزادی مارچ ریلی کا راستہ روکا جا سکے۔

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور کے علاقہ ماڈل ٹاؤن میں پاکستان تحریک انصاف کے خلاف پولیس کے کریک ڈاؤن کے دوران فائرنگ سے ایک پولیس اہلکار جاں بحق ہوگیا ، کانسٹیبل کمال احمد کو ماڈل ٹاؤن میں تعینات کیا گیا تھا اس دوران ماڈل ٹاون سی بلاک 112 میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماء ساجد بخاری کے گھر کریک ڈاؤن کیا گیا ، کریک ڈاؤن کے دروان چھت سے فائر کیا گیا ، کانسٹیبل کمال احمد کو سینے پر گولی لگی ، زخمی کانسٹیبل کو طبی امداد کے لیے لاہور جنرل ہستپال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات