Live Updates

پی ٹی آئی رہنمائوں کے گھروں پرچھاپے،سندھ ہائی کورٹ کا وفاق، داخلہ سندھ اور دیگر کو نوٹس

خفیہ مقدمات کے معاملے پر عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی

منگل 24 مئی 2022 16:54

پی ٹی آئی رہنمائوں کے گھروں پرچھاپے،سندھ ہائی کورٹ کا وفاق، داخلہ سندھ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پرچھاپوں کے معاملے پرسندھ ہائی کورٹ نے وفاق، داخلہ سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں پر پولیس کی جانب سے چھاپوں کے معاملے پررکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی کی درخواست پرسماعت ہوئی۔عدالت نے وفاقی حکومت، محکمہ داخلہ سندھ اور دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی کی ضمانت منظورکرنے سے انکار کردیا۔

سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب کوئی مقدمہ ہی درج نہیں ہوا تو ضمانت کیسے منظور کریں۔ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے 2 جون کو رپورٹ پیش کریں۔رہنما تحریک انصاف سعید آفریدی نے عدالت کو بتایا کہ میرے گھر پر بغیر وارنٹ کے چھاپا مارا گیا ہے۔

(جاری ہے)

سندھ پولیس کی جانب سے چادراور چاردیواری کا تقدس پامال کیا گیا ہے۔رکن سندھ اسمبلی نے مقف پیش کیا کہ منتخب نمائندوں کو گرفتار کرنے کے لیے اسپیکر سے اجازت لینی ہوتی ہے۔

پولیس کو بلاجواز گرفتاریوں سے روکا جائے۔دوسری جانب اپوزیشن لیڈرسندھ اسمبلی کے خلاف درج خفیہ مقدمات کے معاملے پر عدالت نے حلیم عادل شیخ کی درخواست کی فوری سماعت کی استدعا مسترد کردی۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسی نوعیت کی درخواست پر پہلے ہی متعلقہ محکموں سے جواب طلب کرچکے ہیں۔ اسی نوعیت کی درخواست پر نئی کارروائی کیسے کرسکتے ہیں۔

شاہد سومرو ایڈووکیٹ نے کہا کہ عدالت نے حلیم عادل کی درخواست پر 14 جون کو جواب طلب کیا تھا۔ خدشہ ہے سندھ پولیس حلیم عادل شیخ کو پہلے ہی گرفتار کرلے گی۔درخواست میں موقف پیش کیا گیا کہ حلیم عادل شیخ کے خلاف خفیہ مقامات درج کرکے کارروائی کا خدشہ ہے رپورٹ طلب کی جائے۔حلیم عادل شیخ ایک مقدمے میں انسداددہشت گردی عدالت دوسرے مقدمے میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت حاصل کرچکے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات