کمشنر سرگودھا نے سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی جاری ایس او پیز کے تحت تمام تیاریوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیدیا

منگل 24 مئی 2022 17:02

سرگودہا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2022ء) کمشنر سرگودھا ڈویڑن نے ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے ریجن کے چاروں اضلاع میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے جاری کردہ ایس او پیز کے تحت تمام تیاریوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیا۔زرائع کے مطابق کمشنر سرگودھا ڈویڑن ڈاکٹر ارشاد احمد نے ممکنہ سیلاب کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے انتظامات کے جائزہ اجلاس میں کہا کہ بہتر منصوبہ بندی اور مربوط کوششوں سے سیلاب جیسی قدر تی آفت سے موثر انداز میں نمٹا جاسکتاہے ۔

سیلاب اور موسم کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے تمام محکمے آپس میں رابطہ کاربڑھائیں ۔ انہوں نے کہاکہ بارش کے پانی کے بروقت نکاسی کیلئے تمام ڈرینز اور سیوریج لائنز کی صفائی کا کام جلد مکمل کیا جائے ۔

(جاری ہے)

کمشنر نے محکمہ صحت کو تمام اضلاع میں ضروری ادویات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔ انہوں نے کہاکہ دریاؤں ‘نالوں ‘بندوں اورپلوں کے اردگرد تجاوزات کو ختم کروائیں جائیں۔

اجلاس میں ایس ای انہار چوہدری غلام مرتضیٰ نے سرگودہا زون سے گزرنے والے دریاؤں سندھ ‘ جہلم اور چناب میں پانی کی آمد واخراج سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں ‘ نہروں‘ راجباہوںسمیت دریائی پانی کی گزرگاہوں کی ڈی سلٹنگ سمیت دیگر امو رپر بریفنگ دی۔کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے چاروں اضلاع میں ممکنہ اربن فلڈنگ سے بہتر انداز میں نمٹنے کیلئے تمام یونین کونسلوں میں سیورلائنوں کا ڈی سلٹنگ پلان فوری مرتب کر کے کام شروع کرنے کی بھی ہدایت کی اور چاروں ڈپٹی کمشنرز کو خود موقع پر جا کر کام کا معائنہ کرنے کا حکم دیا اور انہیں اس حوالہ سے روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے کام کے تصویری ثبوت بھجوانے کی ہدایت کی ۔

چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن طارق پرویا نے بتایا کہ شہر کی تمام 22یونین کونسلوں کی سیور لائنوں کا ڈی سلٹنگ پلان تیار کرکے کام شروع کر دیاگیا جو 15جون تک جاری رہے گا ۔ یونین کونسل کی سطح پر سپروائزر نامزد کر کے ان کی سربراہی میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں ۔اجلاس میں بتایاگیاکہ چاروں ا ضلاع میں نہروں ‘ راجباہوں اور دریاؤں کے پلوں سمیت دیگر آبی گزرگاہوں کی ڈی سلٹنگ جاری ہے ۔

اس طرح تجاوزات کاخاتمہ کیا جارہاہے ۔ دریاؤں کے پشتوں او ربند وغیرہ کا پاک آرمی ‘ انہار اور ڈی ڈی ایم اے کی مشترکہ ٹیموں نے سروے مکمل کر لیاہے ۔ دریاؤں کنارے املاک کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے پلان تیار کر لیا گیاہے ۔ مون سون سیزن کیلئے فوکل پرسن نامزد کرنے کے علاوہ زونل او رضلع سطح پر فلڈ کنٹرول روم قا ئم کئے گئے ہیں ۔ ریلیف او رریسکیو مشینری وآلات کی انسپکشن بھی مکمل کر لی گئی ہے ۔ چاروں اضلاع میں خطرناک عمارات کاسروے جاری ہے ۔ فرصی مشقیں بھی کر لی گئی ہیں جبکہ ممکنہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے درکار سامان کی تفصیلات پی ڈی ایم اے کو بھجوا دی گئی ہیں۔