سیاسی استحکام اور اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی اور سماجی خوشحالی کے لئے اہم ہے،

وفاقی وزیر احسن اقبال کا پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب

منگل 24 مئی 2022 17:12

سیاسی استحکام اور اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ملک میں پائیدار اقتصادی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2022ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی استحکام اور اقتصادی پالیسیوں کا تسلسل ملک میں پائیدار اقتصادی ترقی اور سماجی خوشحالی کے حصول کے لئے اہم ہیں، تعلیم کا اصل مقصد نوجوانوں کو عملی زندگی میں محنت کےلئے تیارکرنا ہے،ہم نے فیصلہ کرنا ہےکہ اگلے 25سال میں ملک کی ترقی کےلئے کیا اقدامات کرنے ہیں،پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے،محنت اور جستجو کے ساتھ ترقی کی جا سکتی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈویلپمنٹ اکنامکس کے چوتھے سالانہ کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ معاشی اور سماجی پالیسی کیلئے ادارے ملکر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مثبت معاشرتی تبدیلیوں ، بہتر سماجی، سیاسی اور اقتصادی طرز عمل اور ڈھانچے کے لئے پائیڈ کی ان نئی صلاحیتوں کوبروئے کار لایا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وائس چانسلر پائیڈ ڈاکٹر ندیم الحق نے کہا کہ پائیڈ منصوبہ بندی کمیشن اور حکومت پاکستان کی معاشی ترقی کا تحقیقی مرکز ہے ۔انہوں نے کہاکہ پائیڈ معاشرہ میں تحقیق اور تعلیم کے شعبہ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ پائیڈ سے فارغ التحصیل طلبا آئی ایم ایف، اسٹیٹ بینک آف پاکستان عالمی بینک اور پاکستانی یونیورسٹیوں میں قیادت کر رہے ہیں۔