ڈیجیٹل پبلشرز کی صحافیوں کو ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت

ڈیجیٹل پبلشرز ہراساں کرنے کی ایسی کارروائیوں کے خلاف متحد ہیں جو بظاہر انتقامی جذبے سے کی جارہی ہیں اور جن کا مقصد معاشرے میں اختلاف رائے رکھنے والی آوازوں کو دبانا ہے۔

منگل 24 مئی 2022 18:35

ڈیجیٹل پبلشرز کی صحافیوں کو ہراساں کیے جانے کی شدید مذمت
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 23 مئی2022ء) پاکستان کے ڈیجیٹل پبلشرز نے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) کی جانب سے اپنے صحافیوں کو ہراساں کیے جانے پر اجتماعی طور پر تشویش کا اظہار کیا ہے ، پبلشرز کی طرف سے ایف آئی اے حکام کے خلاف اپنی شکایات کا اظہار کیا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے ڈیجیٹل میڈیا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے اور بے بنیاد نوٹس بھیجے جا رہے ہیں۔

 
نوٹسز کے علاوہ Siasat.PK کے عملے بشمول ایڈیٹرز اور رپورٹرز نے ایف آئی اے حکام کی جانب سے ان کے ادارے کے خلاف انکوائری کے لیے ہراساں کیے جانے کی شکایات رپورٹ کی ہیں ، ڈیجیٹل پبلشرز کا مطالبہ ہے کہ اس طرح کا کوئی بھی نوٹس مناسب طریقے سے پیش کیا جائے اور اس بات کی یقینی دہانی کرائی ہے کہ ڈیجیٹل صحافی اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔

(جاری ہے)

 
ڈیجیٹل پبلشرز ہراساں کرنے کی ایسی کارروائیوں کے خلاف متحد ہیں جو بظاہر انتقامی جذبے سے کی جارہی ہیں اور جن کا مقصد معاشرے میں اختلاف رائے رکھنے والی آوازوں کو دبانا ہے ، ڈیجیٹل پبلشرز آزادی اظہار پر یقین رکھتے ہیں جو صحافت کا اصل جوہر ہے اور اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ اختلاف رائے اور سیاسی طور پر متحرک اقدامات کا سہارا لینے سے نظام کو ہی نقصان پہنچے گا۔

پاکستان کے ڈیجیٹل پبلشرز حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لے اور ڈیجیٹل میڈیا سے وابسہ صحافیوں کو نشانہ بنانے کی ان کارروائیوں کو روکنے میں مدد کرے کیوں کہ ڈیجیٹل پبلشرز مقامی میڈیا انڈسٹری میں جو کردار ادا کر رہے ہیں وہ صحافت کی روح کو زندہ رکھنے اور سچائی کو سامنے لانے کے لیے اہم ہے۔
ایک دوسرے کی حمایت میں متحد رہتے ہوئے پاکستان کے ڈیجیٹل پبلشرز کو امید ہے کہ حکومت ایسی کارروائیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کرے گی اور انہیں قومی تعمیر میں اپنا اہم کردار ادا کرنے کی اجازت دے گی۔

متعلقہ عنوان :